پاکستان سے عرب ممالک سفر کرنے والے مسافروں کیلئے اہم خبر

پاکستان سے عرب ممالک سفر کرنے والے مسافروں کیلئے اہم خبر

مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی علاقائی کشیدگی کے باعث پاکستان سے مشرقِ وسطیٰ جانے والی سیکڑوں پروازیں منسوخ کر دی گئیں، جس سے لاکھوں مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق گزشتہ تین روز کے دوران ملک بھر کے ایئرپورٹس سے 300 سے زائد پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں جبکہ صرف آج کے روز 106 پروازیں منسوخ کی گئیں۔

صورتحال اس وقت سنگین ہو گئی جب ایران، اسرائیل اور امریکہ کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے بعد خطے کے متعدد ممالک نے اپنی فضائی حدود بند یا محدود کر دیں۔ متاثرہ ممالک میں عراق، کویت، بحرین، قطر، شام، متحدہ عرب امارات، لبنان اور اردن شامل ہیں، جہاں فضائی آپریشن مسلسل متاثر ہے۔

ایوی ایشن حکام کے مطابق کراچی ایئرپورٹ سے دبئی، ابوظہبی، قطر، کویت اور بحرین جانے والی 32 پروازیں منسوخ کی گئیں، لاہور سے 22 جبکہ پشاور سے ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل تمام 22 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ اسی طرح فیصل آباد سے 4، ملتان سے 4 اور کوئٹہ سے 2 پروازیں بھی منسوخ ہوئیں۔

یہ بھی پڑھیں:عرب ممالک کیلئے ریاض محفوظ پناہ گاہ،امیر خاندانوں کا انخلاء بڑھ گیا،جہاز ٹکٹ ساڑھے 3لاکھ ڈالر سے تجاوز

ذرائع کا کہنا ہے کہ دبئی اور ابوظہبی سمیت امارات کے ایئرپورٹس کو آج سہ پہر تک بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ تاہم سعودی عرب کی فضائی حدود مکمل فعال ہیں جبکہ ترکیہ کا فلائٹ آپریشن بھی بحال ہے، البتہ بعض بین الاقوامی ایئرلائنز جنگی زون سے بچنے کے لیے طویل اور متبادل راستے اختیار کر رہی ہیں جس کے باعث پروازوں کے دورانیے میں اضافہ ہو رہا ہے۔

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق پاکستان کی فضائی حدود مکمل طور پر محفوظ اور پروازوں کے لیے کھلی ہے، تاہم بعض غیر ملکی ایئرلائنز احتیاطی تدابیر کے تحت افغان اور پاکستانی فضائی حدود سے گریز کر رہی ہیں۔

حکام نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایئرپورٹ روانگی سے قبل اپنی متعلقہ ایئرلائن سے پرواز کی تازہ ترین صورتحال ضرور معلوم کر لیں، جبکہ حکومت اور متعلقہ ادارے خطے کی صورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *