امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اسپین کو دی گئی تجارتی اور معاشی دھمکیوں کے بعد یورپی یونین کی قیادت کی طرف سے سخت اور واضح ردعمل سامنے آیا ہے، جس میں اسپین کے ساتھ مکمل یکجہتی اور غیر مشروط حمایت کا اعلان کیا گیا ہے۔
عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق یورپی کونسل کے صدر Antonio Costa نے ہسپانوی وزیر اعظم سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اس رابطے کے بعد انتونیو کوسٹا نے اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے پیڈرو سانچیز کو یقین دلایا ہے کہ یورپی اتحاد اسپین کے ساتھ کھڑا ہے اور ہر سطح پر اس کی مکمل حمایت جاری رہے گی۔
یورپی کونسل کے صدر نے مزید کہا کہ یورپی اتحاد اپنے تمام رکن ممالک کے مفادات کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنائے گا،ان کے بقول یورپی بلاک بین الاقوامی قانون اور ضابطوں پر مبنی عالمی نظام کے اصولوں سے اپنی وابستگی کا اعادہ کرتا ہے اور اجتماعی مفادات کے دفاع میں متحد رہے گا۔
امریکا نے ایران پر حملوں کے لیے اپنے یورپی اتحادیوں سے رسدی اور عسکری تعاون طلب کیا تھا، تاہم اسپین نے اپنی سرزمین اور فوجی اڈوں کو اس مقصد کے لیے استعمال کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا۔
اس فیصلے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسپین کو خبردار کیا تھا کہ اگر ایران کے خلاف کارروائی کے لیے امریکا کو ہسپانوی فوجی اڈوں تک رسائی نہ دی گئی تو اسپین کو تجارتی اور معاشی نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
تازہ بیان کے بعد یہ واضح ہو گیا ہے کہ یورپی اتحاد اپنے رکن ملک کے فیصلے کے دفاع میں یک زبان ہے اور کسی بھی بیرونی دباؤ کے مقابلے میں اجتماعی مؤقف اپنانے کے لیے پرعزم ہے۔