وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے زیرِ نگرانی شروع کیے گئے راشن کارڈ پروگرام کا مقصد کم آمدنی والے اور رجسٹرڈ محنت کش افراد کو مہنگائی کے دور میں مالی سہارا فراہم کرنا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق پنجاب سوشل سیکیورٹی سے رجسٹرڈ محنت کش افراد اس پروگرام کے تحت امداد حاصل کرنے کے اہل ہیں ایسے افراد کو بینک آف پنجاب کی جانب سے تصدیقی پیغام بھیجا جا رہا ہے، جن شہریوں کو یہ پیغام موصول ہو چکا ہے وہ اب اپنی مالی امداد باآسانی حاصل کر سکتے ہیں۔
مستحق افراد کو رقم وصول کرنے کے لیے اپنا اصل قومی شناختی کارڈ ساتھ لے کر قریبی بینک آف پنجاب کی برانچ یا نامزد ادائیگی مراکز پر جانا ہوگا۔
شناخت کی تصدیق کے بعد انہیں 10 ہزار روپے نقد فراہم کیے جائیں گے، اس اقدام کا مقصد یہ ہے کہ امدادی رقم براہِ راست مستحق افراد تک شفاف طریقے سے پہنچائی جا سکے۔
پنجاب حکومت کے مطابق یہ پروگرام خاص طور پر ان محنت کشوں کے لیے شروع کیا گیا ہے جو پنجاب سوشل سیکیورٹی کے نظام میں رجسٹرڈ ہیں اور کم آمدنی کی وجہ سے معاشی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ حکومت مہنگائی کے اثرات کو کم کرنے اور غریب و محنت کش طبقے کو سہارا دینے کے لیے مختلف فلاحی منصوبے شروع کر رہی ہے، جن میں یہ راشن کارڈ پروگرام بھی شامل ہے۔
اس پروگرام کے تحت امدادی رقم مرحلہ وار تقسیم کی جا رہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد اس سے فائدہ اٹھا سکیں، حکومت نے بینک آف پنجاب اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت دی ہے کہ ادائیگی کے عمل کو شفاف اور آسان بنایا جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
حکام نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ صرف سرکاری ذرائع سے موصول ہونے والے پیغامات پر ہی اعتماد کریں اور کسی بھی غیر مصدقہ معلومات یا افواہوں سے گریز کریں، اگر کسی شخص کو بینک آف پنجاب کی جانب سے تصدیقی پیغام موصول نہیں ہوا تو وہ ادائیگی مرکز جانے سے پہلے اپنی اہلیت کی تصدیق ضرور کر لے۔