محکمہ موسمیات نے ملک کے بڑے شہروں سمیت مختلف علاقوں کے لیے آئندہ 24 گھنٹوں کے موسم کی پیشگوئی جاری کر دی ہے جس کے مطابق بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے جبکہ بعض پہاڑی علاقوں میں ہلکی بارش اور برفباری کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران دن کے اوقات میں تیز دھوپ کے ساتھ موسم خشک اور قدرے گرم رہنے کا امکان ہے۔ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت اٹھارہ اعشاریہ پانچ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ موجودہ درجہ حرارت بائیس ڈگری سینٹی گریڈ بتایا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب بیاسی فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے باعث موسم نسبتاً مرطوب محسوس کیا جا رہا ہے۔ اس وقت جنوب مغرب کی سمت سے سات کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ آج شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت اکتیس سے تینتیس ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
فضائی معیار کے حوالے سے حکام کا کہنا ہے کہ کراچی کا فضائی معیار تسلی بخش قرار دیا گیا ہے اور شہریوں کو اس حوالے سے فی الحال کسی بڑی تشویش کا سامنا نہیں۔
دوسری جانب لاہور میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت تئیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ محسوس کیا جانے والا درجہ حرارت پچیس ڈگری سینٹی گریڈ بتایا جا رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت چونتیس ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کم سے کم درجہ حرارت اٹھارہ ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
شہر میں اس وقت چھ کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب پینتالیس فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج لاہور میں بارش کا کوئی امکان نہیں تاہم دن کے اوقات میں دھوپ کی شدت برقرار رہ سکتی ہے۔
لاہور میں فضائی آلودگی کی صورتحال بدستور تشویشناک ہے اور فضائی آلودگی کے اعتبار سے شہر ملک بھر میں تیسرے نمبر پر موجود ہے۔ مجموعی فضائی معیار دو سو چونسٹھ ریکارڈ کیا گیا ہے جو انسانی صحت کے لیے نقصان دہ قرار دیا جاتا ہے۔
شہر کے مختلف علاقوں میں فضائی آلودگی کی صورتحال مزید سنگین دیکھی گئی ہے۔ برکی روڈ کے علاقے میں فضائی معیار 580 تک پہنچ گیا جبکہ علامہ اقبال ٹاؤن میں 422، سی آئی پی آر دفتر کے قریب 356، بیدیاں کے علاقے میں 247 اور ڈی ایچ اے فیز 5 میں 218 تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں آج موسم خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے۔ شہر اقتدار میں دوپہر کے بعد تیز ہوائیں چلنے کی توقع بھی ظاہر کی گئی ہے جس سے موسم میں ہلکی سی خنکی محسوس کی جا سکتی ہے۔
اسلام آباد میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت گیارہ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ دن کے اوقات میں درجہ حرارت تیس ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ صبح کے اوقات میں درجہ حرارت پندرہ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں دن بھر تیرہ کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی توقع ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب ستائیس فیصد سے زائد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسلام آباد میں بارش کا کوئی امکان ظاہر نہیں کیا گیا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ کشمیر اور گلگت بلتستان کے بعض علاقوں میں دن کے اوقات میں ہلکی بارش کا امکان موجود ہے جبکہ بلند پہاڑی چوٹیوں پر ہلکی برفباری بھی ہو سکتی ہے۔ ماہرین کے مطابق پہاڑی علاقوں میں درجہ حرارت کم رہنے کے باعث موسم سرد محسوس کیا جا سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ موسم کی شدت اور فضائی آلودگی کو مدنظر رکھتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر بزرگ افراد اور سانس کے امراض میں مبتلا افراد غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں تاکہ صحت کے مسائل سے بچا جا سکے۔