بنوں بیمار باپ کا سہارا بننے نکلی بیٹی خوارجیوں کے بدترین ظلم کا نشانہ بن گئی، چیخوں نے دل ہلاکر رکھ دیے، ویڈیو وائرل

بنوں بیمار باپ کا سہارا بننے نکلی بیٹی خوارجیوں کے بدترین ظلم کا نشانہ بن گئی، چیخوں نے دل ہلاکر رکھ دیے، ویڈیو وائرل

خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں کی تحصیل ڈومیل میں ایک افسوسناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے جہاں پندرہ سالہ لڑکی کو مبینہ فتنہ الخوارج دہشتگردوں نے اغوا کر کے بدترین تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

واقعے نے ہر شخص کے دل کو ہلا کر رکھ دیا، علاقے میں خوف و ہراس کی فضا پیدا ہوگئی جبکہ شہری حلقوں اور سماجی تنظیموں کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

وائرل ویڈیو کے بعد بتایا گیا ہے کہ متاثرہ لڑکی کا تعلق تحصیل ڈومیل کے ایک غریب گھرانے سے ہے۔ خاندان کے ذرائع کا کہنا ہے کہ لڑکی کے گھر میں کوئی بھائی نہیں جبکہ اس کا والد شدید بیمار ہے اور کام کرنے کے قابل نہیں رہا۔ گھریلو حالات کی خرابی اور معاشی مشکلات کے باعث لڑکی نے گھر کے اخراجات پورے کرنے کے لیے ایک غیر معمولی فیصلہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں:وادیٔ تیراہ میں خوارجیوں سے مقابلے میں زخمی ہونیوالے لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک شہید

بجی کے خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ لڑکی نے لڑکوں جیسا حلیہ اختیار کر کے مقامی بازار میں ایک دکان پر ملازمت اختیار کر لی تھی تاکہ وہ اپنے بیمار والد اور گھر والوں کی کفالت کر سکے۔ وہ روزانہ صبح گھر سے نکلتی اور شام کے وقت کام ختم ہونے کے بعد واپس اپنے گھر لوٹتی تھی۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ رات کے وقت دکان سے کام ختم کر کے گھر واپس جا رہی تھی۔ راستے میں خوارجیوں نے اسے اغوا کر لیا اور ایک ویران مقام پر لے جا کر بدترین ظلم و تشدد کا نشانہ بناڈالا۔اس بدترین تشدد کی ویڈیو بھی بنا ڈالی اور عوام کو ڈرانے، دھمکانے اور خوف و ہراس پھیلانے کے لیے مختلف اکاؤنٹس پر وائرل کی گئی۔

وائرل ویڈیو میں لڑکی تشدد کے دوران مسلسل منتیں کرتی رہی اور انہیں اپنی مجبوری کے بارے میں بتاتی رہی۔ وہ بار بار کہتی رہی کہ وہ اپنے بیمار والد کے علاج اور گھر کے اخراجات پورے کرنے کے لیےکام کرنے پر مجبور ہے اور اس کا مقصد کسی کو نقصان پہنچانا نہیں ہے۔

لیکن اس کی منت سماجت کے باوجود خوارجی اس پر یہ الزام عائد کرتے رہے کہ اس نے گھر سے باہر نکلنے کی ہمت کیوں کی اور اسے دھمکیاں دیتے رہے کہ اس کا یہ عمل ناقابل قبول ہے۔ لڑکی کے مطابق وہ مسلسل رحم کی اپیل کرتی رہی مگر مبینہ خوارجی اسے دھمکاتے رہے اور کہتے رہے کہ اس نے گھر سے نکل کر بہت بڑی غلطی کی ہے۔

مزید پڑھیں:ڈی آئی خان کی تحصیل کلاچی میں سیکیورٹی فورسز کی کاروائی، اہم خوارجی سرغنہ سمیت 10 دہشتگرد ہلاک

واقعے کے بعد علاقے میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور مقامی افراد نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ معاشی مجبوری کے باعث گھر کا سہارا بننے والی ایک کمسن لڑکی پر اس طرح کا ظلم انتہائی افسوسناک ہے۔

مقامی شہریوں اور سماجی کارکنوں کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات نہ صرف انسانی اقدار کے خلاف ہیں بلکہ معاشرے میں خوف اور عدم تحفظ کو بھی بڑھاتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ذمہ دار افراد کو فوری طور پر گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے تاکہ آئندہ اس طرح کے واقعات کی روک تھام ہو سکے۔

علاقے کے شہریوں نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ لڑکی اور اس کے خاندان کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے اور اس واقعے کی شفاف تحقیقات کر کے ذمہ دار عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

سماجی حلقوں کے مطابق یہ واقعہ اس بات کی بھی یاد دہانی ہے کہ معاشرے کے کمزور طبقات کو تحفظ فراہم کرنا اور خواتین و بچوں کی سلامتی یقینی بنانا ریاست اور معاشرے دونوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *