فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان کی اہم ملاقات، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان کی اہم ملاقات،  خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان کی اہم ملاقات ہوئی ہے جس میں پاک سعودی دفاعی معاہدے سمیت علاقائی اور خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سعودی وزیر دفاع کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان کے درمیان ہونے والی ملاقات میں  سعودی عرب پر ایرانی حملوں سمیت پاک سعودی دفاعی معاہدے اور اسٹرٹیجک تعاون کے تحت حملوں کو روکنے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ایرانی حملوں سے علاقائی امن و سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچا ہے، پاکستان اور سعودی عرب کو ایران سے امید ہے کہ وہ دانشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہمسایہ ممالک کی خودمختاری کا خیال رکھے گا اور غلط فہمیوں سے بچنے کی کوشش کرے گا ۔

ملاقات میں چیف آف جنرل اسٹاف فیاض الرویلی اور وزیر دفاع کے مشیر برائے انٹیلی جنس امور ہشام بن سیف نے بھی شرکت کی، جبکہ پاکستانی وفد میں بریگیڈیئر محمد جاوید طارق بھی شامل تھے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان ایک مشترکہ اسٹریٹجک دفاعی معاہدہ موجود ہے جس کے مطابق اگر سعودی عرب یا پاکستان پر کوئی بیرونی مسلح حملہ ہوتا ہے تو اسے دونوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔

اس مشترکہ اسٹریٹجک دفاعی معاہدے کو دونوں ممالک کے درمیان ایک تاریخی دفاعی تعاون قرار دیا جاتا ہے، جس کا مقصد مشترکہ دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط کرنا اور خطے میں سلامتی و استحکام کو یقینی بنانا ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *