ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ کے باعث پاکستان سے مشرق وسطیٰ جانے والی پروازیں شدید متاثر ہو گئی ہیں اور آج بھی متعدد پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
ذرائع کے مطابق پاکستان سے مشرق وسطیٰ کے مختلف ممالک کے لیے آج مجموعی طور پر 104 پروازیں منسوخ ہوئیں، تاہم بعض پروازیں بتدریج بحال بھی ہونا شروع ہو گئی ہیں۔ کراچی سے دبئی، دوحہ، ابوظبی، شارجہ اور بحرین کے لیے 21 پروازیں منسوخ کی گئیں جبکہ لاہور سے دبئی، دوحہ، شارجہ، کویت، دمام اور ابوظبی کے لیے 27 پروازیں منسوخ ہوئیں۔
اسلام آباد سے دوحہ، ابوظبی، بحرین، شارجہ اور دبئی کے لیے 29 پروازیں منسوخ کی گئیں جبکہ 14 پروازیں روانگی کے لیے تیار ہیں۔ پشاور سے دوحہ، ابوظبی، دبئی، شارجہ اور جدہ کے لیے 12 پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ 4 پروازیں شیڈول کی گئی ہیں۔ملتان سے دوحہ، دبئی، شارجہ، ابوظبی اور دمام کے لیے 8 پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ 7 پروازیں روانگی کے لیے تیار ہیں۔
اسی طرح فیصل آباد سے دبئی، شارجہ اور جدہ کے لیے 7 پروازیں منسوخ کی گئیں جبکہ 2 پروازوں کے آپریٹ ہونے کی توقع ہے۔ کوئٹہ سے شارجہ اور دبئی کی آج کی چاروں پروازیں آپریٹ ہونے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران پاکستان سے مشرق وسطیٰ جانے والی منسوخ پروازوں کی مجموعی تعداد 1130 تک پہنچ چکی ہے۔
دوسری جانب امارات کے ایئرپورٹس بتدریج بحالی کی طرف بڑھ رہے ہیں اور ایک روز میں تقریباً 400 پروازیں آپریٹ کی گئیں۔ دبئی سے 250، ابوظبی سے 50 جبکہ شارجہ سے 45 پروازیں روانہ ہوئیں۔
راس الخیمہ سے لاہور اور ممبئی کے لیے 4 پروازیں آپریٹ کی گئیں، تاہم دوحہ، بحرین اور کویت سے چھ روز گزرنے کے باوجود کوئی پرواز روانہ نہیں ہو سکی۔
ادھر امارات سے تقریباً 30 ہزار افراد کے انخلاء کے لیے دبئی، ابوظبی اور شارجہ سے خصوصی فلائٹ آپریشن بھی جاری ہے۔