بھارتی فضائیہ کا جنگی طیارہ آسام میں گر کر تباہ، 2 پائلٹ ہلاک

بھارتی فضائیہ کا جنگی طیارہ  آسام میں گر کر تباہ، 2 پائلٹ ہلاک

بھارتی فضائیہ (IAF) کا ایک جنگی طیارہ تربیتی مشن کے دوران شمال مشرقی بھارتی ریاست آسام میں گر کر تباہ ہو گیا، جہاز میں سوار دونوں پائلٹ بھی ہلاک ہو گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی فضائیہ کا بتانا ہے کہ سخوئی Su-30MKI طیارہ جمعرات کی شام مقامی وقت کے مطابق 7 بج کر 42 منٹ پر آسام کے شہر جورہاٹ سے اڑا تھا، تاہم بعد ازاں اس کا رابطہ منقطع ہو گیا ۔

جس کی بعد میں بھارتی فضائیہ کی جانب سے تصدیق کی گئی کہ طیارہ کاربی آنگلونگ کے علاقے میں، جورہاٹ سے تقریباً 60 کلومیٹر دور گر کر تباہ ہوا ہے۔

بھارتی فضائیہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ حادثے کے بعد تلاش اور ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے جبکہ مزید تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : میک اِن انڈیا بےنقاب ،بھارت کا آج بھی 62 سال پرانے جنگی جہازوں پر انحصار

حالیہ عرصے میں بھارتی فضائیہ کو کئی جنگی طیاروں کے حادثات کا سامنا رہا ہے، تقریباً 10 روز قبل بھی تیجس لائٹ کومبیٹ ایئرکرافٹ ایک فضائی اڈے پر لینڈنگ کے دوران رن وے سے پھسل کر نقصان کا شکار ہو گیا تھا ، گزشتہ برس نومبر میں دبئی ایئر شو کے دوران بھی ایک تیجس طیارہ مظاہرے کی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہو گیا تھا جس کے نتیجے میں پائلٹ ہلاک ہوا تھا۔

خیال رہے کہ سخوئی Su-30MKI دو انجنوں والا ملٹی رول جنگی طیارہ ہے، جسے روسی کمپنی نے تیار کیا ہے، اس میں بھارتی، فرانسیسی اور اسرائیلی ایویونکس اور ہتھیاروں کے نظام شامل ہیں،  2000ء  کے اوائل میں بھارتی فضائیہ میں شامل کیا گیا تھا۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *