پٹرول پمپ مالکان کی پیر سے پٹرول پمپ بند کرنے کی دھمکی،وجہ سامنے آ گئی

پٹرول پمپ مالکان کی پیر سے پٹرول پمپ بند کرنے کی دھمکی،وجہ سامنے آ گئی

ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کے باعث پیٹرول پمپ بند ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے خبردار کیا ہے کہ اگر پیٹرول اور ڈیزل کی سپلائی فوری طور پر بحال نہ کی گئی تو پیر سے ملک کے مختلف علاقوں میں پیٹرول پمپس بند ہونا شروع ہو سکتے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایسوسی ایشن نے پیٹرولیم مصنوعات کی شدید کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپلائی میں نمایاں کمی کے باعث صورتحال سنگین ہوتی جا رہی ہے۔

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مرکزی سیکرٹری جنرل چوہدری عرفان الٰہی نے اپنے بیان میں کہا کہ ملک بھر میں پیٹرول کی سپلائی تقریباً 50 فیصد تک کم ہو چکی ہے جبکہ ڈیزل کی فراہمی معمول کے مقابلے میں صرف 20 فیصد رہ گئی ہے، جس کے باعث ٹرانسپورٹ کے شعبے کو شدید مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:وزیر اعظم کا پٹرول کی قیمتوں سے متعلق بڑا فیصلہ

لاہور کے صدر جہانزیب ملک اور وسطی پنجاب کے صدر نعمان مجید نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ریٹیل آؤٹ لیٹس کو پیٹرولیم مصنوعات کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی جانب سے معائنے کے نام پر سپلائی ڈپوؤں کے بجائے پیٹرول پمپوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جبکہ بعض نجی کمپنیوں پر پیٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی کر کے مصنوعی قلت پیدا کرنے کے الزامات بھی سامنے آئے ہیں۔

ادھر آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے بھی ایک روز قبل وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر آگاہ کیا تھا کہ محدود سپلائی کے باعث پیٹرول پمپ مالکان عوام کی طلب پوری کرنے سے قاصر ہیں۔

دوسری جانب مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور قیمت 84 ڈالر فی بیرل تک پہنچ چکی ہے۔ چین نے بھی اپنی بڑی ریفائنریز کو ڈیزل اور پیٹرول کی برآمدات روکنے کی ہدایت کر دی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق جاپان، انڈونیشیا اور بھارت سمیت کئی ممالک نے بھی ریفائنریز کی پیداوار کم کر دی ہے یا برآمدات عارضی طور پر معطل کر دی ہیں۔

واضح رہے کہ ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز بند کیے جانے کے بعد دنیا بھر میں تیل کی سپلائی متاثر ہوئی ہے جس پر اقوام متحدہ نے بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر صورتحال برقرار رہی تو عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 150 ڈالر فی بیرل تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *