پنجاب حکومت نے شہریوں کو درپیش اہم مسئلہ ختم کرتے ہوے ڈومیسائل کے اجرا کے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل اور جدید خطوط پر استوار کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ نئے نظام کے تحت شہری اب گھر بیٹھے آسانی سے ڈومیسائل حاصل کر سکیں گے اور دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت ختم ہو جائے گی۔
حکومت کی جانب سے اس نظام کو پیپر لیس اور آن لائن بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے بعد ڈومیسائل کے حصول کا عمل نہ صرف تیز بلکہ شفاف بھی ہو جائے گا۔ شہری موبائل ایپ اور آن لائن پورٹل کے ذریعے درخواست جمع کرا سکیں گے جبکہ نادرا طرز پر ڈیجیٹل ویریفکیشن کا نظام بھی نافذ کیا گیا ہے۔
نئے نظام کے مطابق ڈومیسائل کے اجرا کا وقت 2 سے 3 دن تک محدود کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ فیسوں کی ادائیگی صرف ای-پے پنجاب کے ذریعے کی جائے گی۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے شہریوں کو سہولت اور وقت دونوں کی بچت ہوگی۔
نئے ڈومیسائل نظام کے تحت طریقہ کار اور فیس کی تفصیل
نئے نظام کے مطابق شہری گھر بیٹھے آن لائن درخواست جمع کرا سکیں گے جس کے بعد متعلقہ ڈیجیٹل ویریفکیشن خودکار نظام کے تحت مکمل کی جائے گی۔ تصدیق کے بعد ڈومیسائل کورئیر کے ذریعے شہری کے گھر پہنچا دیا جائے گا۔
فیس اسٹرکچر کے مطابق مجموعی لاگت 550 روپے مقرر کی گئی ہے جس میں درج ذیل مد میں فیس وصول کی جائیگی
ڈومیسائل فیس: 200 روپے
ای-افیڈیویٹ: 300 روپے
سروس چارجز: 50 روپے
مزید تفصیلات کے مطابق 500 روپے حکومتی خزانے میں جمع ہوں گے جبکہ 50 روپے پی آئی ٹی بی (PITB) کے سروس چارجز کے طور پر رکھے جائیں گے۔ کورئیر سروس کیلئے 60 روپے، سکیورٹی پیپر کی لاگت 40 روپے اور سسٹم مینٹیننس، SMS و ڈیٹا ہوسٹنگ کیلئے اضافی چارجز بھی شامل کیے گئے ہیں۔
پی آئی ٹی بی کے مطابق فی درخواست اوسط آپریشنل لاگت تقریباً 27.55 روپے ہے جبکہ سالانہ نظام کو چلانے کیلئے بڑے پیمانے پر ڈیجیٹل انفراسٹرکچر پر اخراجات کیے جا رہے ہیں۔
حکام کے مطابق یہ نیا نظام شہریوں کیلئے سہولت، رفتار اور شفافیت میں ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔