مشرق وسطیٰ میں جاری جنگی صورتحال اور کشیدگی کے باعث پاکستان سے خلیجی ممالک جانے والی پروازوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہو گیا ہے۔ تازہ صورتحال کے مطابق آج بھی پاکستان سے مشرق وسطیٰ جانے والی 97 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ 58 پروازوں کے اڑان بھرنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی ایئرپورٹ سے دوحہ، دبئی، شارجہ، ابوظبی اور بحرین کے لیے 25 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ 13 پروازوں کے آپریشن کی توقع ہے۔ اسی طرح لاہور ایئرپورٹ سے ابوظبی، دبئی، دوحہ اور شارجہ کے لیے 22 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں جبکہ 7 پروازوں کے روانہ ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
دارالحکومت اسلام آباد سے دبئی، ابوظبی، دوحہ اور شارجہ کے لیے 26 پروازیں منسوخ کی جا چکی ہیں جبکہ 16 پروازیں آپریشنل رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پٹرولیم کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا امکان، سمری وزیر اعظم کے پاس پہنچ گئی
پشاور ایئرپورٹ سے شارجہ، ابوظبی، دبئی اور راس الخیمہ کے لیے 10 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ 6 پروازوں کے اڑان بھرنے کا امکان ہے۔
سیالکوٹ ایئرپورٹ سے دوحہ، دبئی اور شارجہ کے لیے 5 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں جبکہ 4 پروازیں آپریٹ کی جا رہی ہیں۔ اسی طرح ملتان ایئرپورٹ سے شارجہ، دبئی، ابوظبی اور دمام کی 6 پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں۔
مزید برآں فیصل آباد ایئرپورٹ سے دبئی اور شارجہ کے لیے 3 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں جبکہ 4 پروازوں کا آپریشن جاری ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 8 روز کے دوران پاکستان سے مشرق وسطیٰ جانے والی منسوخ پروازوں کی تعداد 1300 تک پہنچ گئی ہے جبکہ پورے مشرق وسطیٰ میں ایک ہفتے کے دوران 27 ہزار 600 سے زائد پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں۔
دوسری جانب دوحہ ایئرپورٹ انتظامیہ نے ایک ہفتے کی بندش کے بعد آج سے فلائٹ آپریشن جزوی طور پر بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی پروازوں سے متعلق تازہ معلومات کے لیے متعلقہ ایئر لائنز سے رابطہ کریں۔