محکمہ ایکسائز نے آن لائن نیلامی میں فروخت نہ ہونے والے گاڑیوں کے نمبرز کو دوبارہ فروخت کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں ای آکشن کے دوران فروخت نہ ہونے والے 46 ہزار 600 نمبرز دوبارہ نیلام کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
ڈی جی ایکسائز پنجاب عمر شیر چٹھہ کی جانب سے لیفٹ اوور نمبرز کی دوبارہ فروخت کے لیے بھجوائی گئی سمری کو کابینہ کمیٹی نے منظوری دے دی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کابینہ سے حتمی منظوری ملنے کے بعد اس فیصلے پر باقاعدہ عملدرآمد شروع کر دیا جائے گا۔
حکام کے مطابق پہلے ای آکشن میں فروخت نہ ہونے والے نمبرز ایک مخصوص مدت کے بعد سسٹم میں بلاک ہو جاتے تھے، تاہم اب انہیں دوبارہ نیلامی کے لیے پیش کیا جائے گا تاکہ سرکاری ریونیو میں اضافہ کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں:خواتین کیلئے خوشخبری،حکومت کا مفت الیکٹرک سکوٹیز دینے کا اعلان
محکمہ ایکسائز کے اعداد و شمار کے مطابق ای آکشن کے آغاز سے اب تک گاڑیوں کی 1782 سیریز کے 99 ہزار 900 نمبرز فروخت کیے جا چکے ہیں جن سے ساڑھے 55 کروڑ روپے سے زائد کا ریونیو حاصل ہوا۔
اسی طرح موٹر سائیکلوں کی 2029 نیلامیوں کے دوران 2 لاکھ 33 ہزار نمبرز فروخت کیے گئے جن سے تقریباً پونے 18 کروڑ روپے کی آمدنی حاصل ہوئی، جبکہ کمرشل گاڑیوں کی 69 سیریز کے 2900 نمبرز نیلام کیے گئے جس سے سوا 42 لاکھ روپے کے قریب ریونیو حاصل ہوا۔
ایکسائز حکام کے مطابق ای آکشن کے دوران گاڑیوں کے 10 ہزار 400، موٹر سائیکلوں کے 33 ہزار 300 جبکہ کمرشل گاڑیوں کے 3 ہزار نمبرز فروخت نہ ہو سکے تھے جو اب دوبارہ نیلامی کے لیے پیش کیے جائیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ لیفٹ اوور نمبرز کی دوبارہ فروخت سے حکومت کو کروڑوں روپے کی اضافی آمدنی متوقع ہے جبکہ عوام کو بھی پسندیدہ نمبر حاصل کرنے کا ایک اور موقع ملے گا۔