سابق کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ہماری کارکردگی اچھی تھی اور ہم ہار کرنہیں بلکہ رن ریٹ پر باہر ہوگئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق کراچی میں پریکٹس سیشن کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے سری لنکا والے میچ کو برا نہیں کہہ سکتے کیونکہ آخر میں ہم وہ میچ جیت گئے تھے۔
ان کاکہنا تھا کہ ایسے تو زمبابوے نے آسٹریلیا کو ہرا دیا تھا، یہ تو ہوتا رہے گا کرکٹ میں، ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ یہ ایک کلب کی ٹیم ہے اور وہ آسٹریلیا کی ٹیم ہے۔
کھلاڑیوں پر جرمانے سے متعلق محمد رضوان کا صحافیوں سے کہنا تھا کہ آپ لوگوں کی وجہ سے جرمانے ہوئے ہیں، پاکستان ٹیم کو آپ لوگ ہی تو اچھا برا دکھاتے ہیں لیکن اس بات میں کوئی شک نہیں کہ آپ لوگ ٹیم کا بہت دفاع بھی کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میرا رزق نہیں لکھا تھا اس لئے ٹیم میں نہیں تھا۔ آپ جیسا دکھائیں گے دنیا ویسا ہی دیکھے گی۔ شاہین اور سلمان کو جیسا دکھائیں گے ویسا ہی دنیا دیکھے گی ۔
بھارت کے انگلینڈ کے خلاف سیمی فائنل میچ سے متعلق ایک صحافی نے سوال کیا کہ بڑی ٹیم تو ایسی ہوتی ہے جس پر محمد رضوان نے کہا کہ معذرت، میں بھارت کا میچ نہیں دیکھتا۔