فرنٹیئر کور (نارتھ) کے جوانوں نے بلوچستان میں پاک افغان سرحد کے خارا سیکٹر میں بارڈر پر لگی باڑ کاٹنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک خوارج کو ہلاک جبکہ دیگر کو زخمی کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق یہ کارروائی کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے وابستہ خوارج کی جانب سے سرحدی باڑ کو نقصان پہنچانے اور دراندازی کی سہولت فراہم کرنے کی مسلسل کوششوں کے ردعمل میں کی گئی۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں ایسی کوششیں دن کے وقت چھوٹے خفیہ گروپوں کے ذریعے پاک افغان سرحدی چوکیوں کے قریب کی جاتی رہی ہیں تاکہ رات کے وقت دراندازی کی راہ ہموار کی جا سکے۔
اسی تناظر میں مزید واقعات کی روک تھام کے لیے ایف سی نارتھ نے خارا سیکٹر میں باڑ کاٹنے کے ممکنہ مقام پر ایک ہدفی گھات (ایمبش) منصوبہ بندی کے تحت لگائی۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق 7 مارچ کو تقریباً شام 4 بج کر 30 منٹ پر تین سے چار خوارج مکھا پوسٹ کے قریب سرحدی باڑ تک پہنچے اور اسے کاٹنے کی کوشش کی۔ اس موقع پر گھات لگائے دستے نے فوری طور پر چھوٹے ہتھیاروں کے ذریعے ان پر فائرنگ کی۔
فائرنگ کے تبادلے میں ایک خوارج موقع پر ہی ہلاک ہو گیا جبکہ گروہ کے باقی ارکان زخمی ہو کر دشوار گزار علاقے اور نالوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔