پنجاب حکومت کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ اور اسرائیل و ایران کے تنازعے کے نتیجے میں اس خطے سے آنے والے تیل پر انحصار کرنے والا پاکستان شدید متاثر ہو رہا ہے، جس کے باعث پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے اور سخت فیصلے ناگزیر ہو گئے ہیں۔
اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایسے فیصلے خوشی یا مرضی سے نہیں کیے جاتے بلکہ معاشی تحفظ اور عالمی بحران سے قوم کو نکالنے کی ذمہ داری کے تحت کرنا لازم ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جنگی حالات میں قومی ذمہ داری نبھاتے ہوئے اتحاد قائم رکھنا اور پاکستانی بن کر یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم اپنی قیادت کے ساتھ کھڑی ہے اور وزیرِاعظم شہباز شریف کے ساتھ مل کر اس بحران کا مقابلہ کرے گی۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم بحیثیت قوم ہمت، جرات، دانائی، دور اندیشی اور اجتماعی کاوش کا مظاہرہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا، عوام اور ہر خاندان کو اس بحران کے مقابلے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ایک ثابت قدم قوم بن کر اس چیلنج کا سامنا کریں کیونکہ قومیں آزمائش کے وقت بچت اور کفایت کے اقدامات اٹھاتی ہیں۔