ورک فرام ہوم ، آن لائن کلاسز، محکمہ توانائی پنجاب نے توانائی بچت کیلئے تجاویز پیش کردیں

ورک فرام ہوم ، آن لائن کلاسز، محکمہ توانائی پنجاب نے توانائی  بچت کیلئے تجاویز پیش کردیں

صوبہ پنجاب میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد توانائی کے استعمال میں کمی لانے کے لیے مختلف اقدامات تجویز کر دیے گئے ہیں۔

محکمہ توانائی پنجاب نے توانائی کی بچت کے لیے متعدد تجاویز صوبائی حکومت کو پیش کی ہیں جن میں سرکاری امور اور تعلیمی سرگرمیوں کے طریقہ کار میں تبدیلی بھی شامل ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق محکمہ توانائی نے سرکاری اجلاس آن لائن منعقد کرنے اور بعض معاملات میں گھر سے کام کرنے کی تجویز دی ہے تاکہ ایندھن اور بجلی کے استعمال میں کمی لائی جا سکے۔

اس کے علاوہ جامعات اور کالجوں میں آن لائن کلاسز جبکہ اسکولوں اور اکیڈمیوں میں مخلوط تعلیمی نظام متعارف کرانے کی سفارش بھی کی گئی ہے تاکہ آمد و رفت کم ہو اور توانائی کی بچت ممکن بنائی جا سکے۔

محکمہ توانائی کی تجاویز میں عوامی ٹرانسپورٹ کے استعمال کو فروغ دینے پر بھی زور دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں اورنج لائن میٹرو ٹرین لاہور اور لاہور میٹرو بس سروس کے اوقات کار بڑھانے کی تجویز پیش کی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری ذاتی گاڑیوں کے بجائے عوامی سفری سہولیات استعمال کریں۔

یہ بھی پڑھیں :وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت ہنگامی اجلاس، عوام کو ریلیف دینے کا فیصلہ، بچت پر مبنی نئی پالیسی لانے کی تیاری

توانائی کے غیر ضروری استعمال کو کم کرنے کے لیے مختلف اقدامات بھی زیر غور ہیں۔ ذرائع کے مطابق صوبے بھر میں رات دس بجے کے بعد اسٹریٹ لائٹس کو متبادل نظام پر چلانے، تیز روشنی والے بلب، اشتہاری بورڈز اور نیون سائنز بند کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

دوسری جانب صوبہ خیبر پختونخوا میں بھی توانائی کے استعمال کو محدود کرنے کے لیے اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں، حکومت خیبر پختونخوا نے غیر ضروری سرکاری دوروں اور تقریبات پر فوری پابندی عائد کر دی ہے۔

سرکاری دفاتر میں ایندھن کے استعمال کی باقاعدہ نگرانی کی جائے گی جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کے استعمال میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *