معروف صحافی حامد میر نے دعویٰ کیا ہے کہ افغان طالبان نے تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے خطرناک دہشت گرد نور ولی محسود کو افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ڈپلومیٹک انکلیو (گرین زون) میں پنا ہ دی ہوئی ہے۔
حامد میر کے مطابق نور ولی محسود کا موجودہ ٹھکانہ انتہائی حساس ہے ممالک کے سفیر علاقہ جلد خالی کر سکتے ہیں,
حامد میر کے مطابق افغان طالبان نے نہ صرف نور ولی محسود بلکہ گل بہادر، بشیر زیب اور دیگر مرکزی ایشیائی ممالک کے مطلوب دہشت گردوں کو بھی پناہ دے رکھی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان طالبان نے ان مطلوب افراد کو کابل کے گرین زون میں چھپایا ہے، جس میں وزیر اکبر خان کا علاقہ بھی شامل ہے۔
ان افراد کی موجودگی سفارتکاروں کے مکانات کے قریب ایک سنگین خطرہ پیدا کر سکتی ہے، جس سے عالمی سطح پر تشویش پیدا ہو گئی ہے۔
یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ بین الاقوامی سطح پر دہشت گرد قرار دیے گئے افراد کی کابل میں موجودگی اقوام متحدہ کے عملے اور کچھ غیر سرکاری تنظیموں کے لیے بھی ناقابلِ قبول ہے۔
ان تنظیموں اور اداروں نے طالبان حکومت کے سامنے اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے اور یہ خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس صورتِ حال کی وجہ سے کئی غیر ملکی سفارتکار کابل چھوڑ سکتے ہیں۔