متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کے لیے اہم پیغام: سفیرِ پاکستان کا حفاظتی الرٹ اور خصوصی ڈیسک کا قیام
مشرقِ وسطیٰ میں تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال اور ایران پر امریکہ و اسرائیل کے حالیہ حملوں کے بعد، متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر شفقت علی خان نے وہاں مقیم لاکھوں پاکستانیوں کے لیے ایک اہم اور تسلی بخش پیغام جاری کیا ہے۔ سفیرِ پاکستان نے واضح کیا ہے کہ موجودہ علاقائی کشیدگی میں پاکستانی کمیونٹی کی حفاظت حکومتِ پاکستان کی اولین ترجیح ہے اور پاکستانی عوام اس مشکل گھڑی میں اپنے اماراتی بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔
وزیراعظم پاکستان کی خصوصی ہدایت پر، متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارتی مشن کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہریوں کی فوری مدد کی جا سکے ابوظہبی میں پاکستانی سفارت خانہ اور دبئی میں قونصل خانہ چوبیس گھنٹے متحرک ہیں۔ پاکستانیوں کی سہولت اور رہنمائی کے لیے خصوصی ہیلپ ڈیسک قائم کر دیے گئے ہیں۔
پاکستانی سفارت خانہ یو اے ای کی حکومت اور مقامی سیکورٹی اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ پاکستانی کمیونٹی کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ وزیراعظم پاکستان نے متحدہ عرب امارات کے صدر سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے، جس میں دوطرفہ تعلقات اور وہاں مقیم پاکستانیوں کے خیر و عافیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سفیرِ پاکستان نے یو اے ای میں مقیم پاکستانیوں سے پرامن رہنے اور درج ذیل امور پر سختی سے عمل کرنے کی اپیل کی ہے اورسوشل میڈیا پر گردش کرنے والی غیر تصدیق شدہ اور جھوٹی خبروں پر کان نہ دھریں اور صرف سرکاری ذرائع سے آنے والی معلومات پر بھروسہ کریں۔
متحدہ عرب امارات کے مقامی قوانین اور ضابطوں کا مکمل احترام کریں اور کسی بھی ایسی سرگرمی کا حصہ نہ بنیں جو امن و امان کے لیے مسئلہ پیدا کرے۔ حساس حالات میں سوشل میڈیا کا استعمال نہایت ذمہ داری سے کریں اور اشتعال انگیز مواد شیئر کرنے سے بچیں۔