عالمی ٹی ٹوئنٹی کپ 2026 میں بھارتی کرکٹ ٹیم کو فتح کے ساتھ ہی بھارتی ٹیم پر ڈالرز کی بھی بارش ہوگئی جبکہ اس کامیابی کے دوران کئی نئے ریکارڈز بھی قائم کیے گئے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے اس بار عالمی کپ کیلئے مجموعی طور پر 13 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی ریکارڈ انعامی رقم مختص کی گئی تھی، جو اس ٹورنامنٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی پرائز منی قرار دی جا رہی ہے۔
فاتح بھارتی ٹیم کو ٹرافی کے ساتھ 30 لاکھ ڈالر کی خطیر رقم دی گئی، دوسری جانب فائنل میں شکست کھانے والی نیوزی لینڈ کی ٹیم کو 16 لاکھ ڈالر بطور انعام ملے۔
ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل مرحلے تک پہنچنے والی ٹیموں جنوبی افریقا اور انگلینڈ کو بھی خالی ہاتھ نہیں لوٹنا پڑا، دونوں ٹیموں کو سیمی فائنل میں شکست کے باوجود فی ٹیم 9 لاکھ 60 ہزار ڈالر کی انعامی رقم دی گئی۔
اس کے علاوہ پانچویں سے بارہویں پوزیشن تک آنے والی ٹیموں کو بھی فی ٹیم ساڑھے چار لاکھ ڈالر دیے گئے، آئی سی سی کی جانب سے ہر شریک ٹیم کو شرکت کی مد میں بھی تین، تین لاکھ ڈالر فراہم کیے گئے، جس سے تمام ٹیموں کو مالی طور پر فائدہ پہنچا۔
واضح رہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم نے اس فتح کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا ٹائٹل تیسری بار اپنے نام کیا ہے، بھارت نے پہلی مرتبہ 2007 میں جنوبی افریقا میں ہونے والے افتتاحی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کو شکست دے کر ٹرافی حاصل کی تھی۔
اس کے بعد بھارت نے دوسری بار 2024 میں امریکا اور ویسٹ انڈیز کے اشتراک سے منعقد ہونے والے ٹورنامنٹ میں جنوبی افریقا کو شکست دے کر عالمی اعزاز حاصل کیا تھا۔