محکمہ موسمیات نے اسلام آباد اور ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ بالائی علاقوں میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ چند مقامات پر بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ رات کے وقت چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ جڑواں شہر راولپنڈی اور گردونواح میں بھی رات کے وقت بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں مطلع ابر آلود رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ چترال، دیر، سوات، کرم، خیبر، مہمند، مانسہرہ اور ایبٹ آباد سمیت مختلف علاقوں میں کہیں کہیں بارش متوقع ہے جس سے موسم خوشگوار ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم عمومی طور پر خشک رہے گا جبکہ دن کے اوقات میں درجہ حرارت بڑھنے کے باعث موسم گرم رہنے کی توقع ہے۔ تاہم راولپنڈی، اٹک، مری اور گلیات میں رات کے وقت بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:21لاکھ افراد نے رمضان نگہبان کارڈ سے 12500وصول کر لیے؟مزید کتنے افراد رقم وصول کریں گے اور کیسے ؟

