پاکستان کے نوجوان کرکٹر نے کرکٹ کو ہمیشہ کے لیے خیرباد کہہ دیا، سوشل میڈیا پر ٹوٹے دل کے ’ایموجی‘ کے ساتھ پیغام وائرل

پاکستان کے نوجوان کرکٹر نے کرکٹ کو ہمیشہ کے لیے خیرباد کہہ دیا، سوشل میڈیا پر ٹوٹے دل کے ’ایموجی‘ کے ساتھ پیغام وائرل

پاکستانی کرکٹ کے ایک ابھرتے ہوئے کھلاڑی شاہ زیب بھٹی نے اچانک پاکستانی کرکٹ کو خیرباد کہنے کا اعلان کر کے کھیلوں کے حلقوں میں بحث چھیڑ دی ہے۔ 24 سالہ کرکٹر نے اپنے فیصلے کا اعلان سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر ایک جذباتی پیغام کے ذریعے کیا۔

شاہ زیب بھٹی نے اپنی پوسٹ کے عنوان میں لکھا کہ وہ پاکستانی کرکٹ کو ہمیشہ کے لیے چھوڑ رہے ہیں۔ اس پیغام کے ساتھ انہوں نے ٹوٹے دل کا نشان بھی شیئر کیا جس نے مداحوں اور کھیلوں کے شائقین کو حیران کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کرکٹ ٹیم کی سب سے بڑی طاقت کیا ہے؟بھارتی ٹیم بھی معترف

اپنے پیغام میں نوجوان کرکٹر نے لکھا کہ ‘میں 24 سال کی عمر میں پاکستان کرکٹ کو خیرباد کہہ رہا ہوں’۔ انہوں نے کہا کہ بچپن سے ان کا خواب تھا کہ وہ پاکستان کی نمائندگی کریں اور قومی ٹیم کی جرسی پہنیں، تاہم موجودہ حالات نے انہیں انتہائی مایوس کر دیا ہے۔

شاہ زیب بھٹی نے بتایا کہ گزشتہ سال انہوں نے قائداعظم ٹرافی کے فائنل میں اپنی ٹیم کے ساتھ شاندار کامیابی حاصل کی تھی۔ ان کے مطابق یہ فائنل میچ پورے ملک میں ٹیلی ویژن پر براہ راست نشر کیا گیا تھا اور اس کامیابی کے بعد انہیں امید تھی کہ ان کی کارکردگی کو سراہا جائے گا۔

تاہم ان کا کہنا ہے کہ اس کامیابی کے باوجود انہیں مسلسل نظر انداز کیا گیا اور انہیں لگاتار 40 میچوں میں موقع نہیں دیا گیا۔ ان کے مطابق انہیں ٹیم سے باہر رکھا گیا جس کی وجہ سے ان کا اعتماد اور حوصلہ متاثر ہوا۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستانی کرکٹ میں واضح نظام نہ ہونے کے باعث باصلاحیت کھلاڑیوں کو آگے آنے کے مواقع نہیں ملتے۔ ان کے مطابق سیاست، سفارش جیسے مسائل کے باعث کئی نوجوان کھلاڑیوں کے کیریئر تباہ ہو رہے ہیں۔

شاہ زیب بھٹی نے کہا کہ صرف وہی نہیں بلکہ کئی دوسرے باصلاحیت کھلاڑی بھی اس نظام سے مایوس ہو چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر میرٹ کو ترجیح دی جائے تو پاکستان میں بے شمار باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں جو عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کر سکتے ہیں۔

اپنے پیغام کے اختتام پر انہوں نے لکھا کہ ‘اب سمجھ آیا کہ ہر کوئی پاکستانی کرکٹ کیوں چھوڑ رہا ہے’۔ ان کے اس جملے نے کھیلوں کے حلقوں میں ایک نئی بحث کو جنم دے دیا ہے۔

ادھر مداحوں کی بڑی تعداد نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر شاہ زیب بھٹی کے فیصلے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ کرکٹ کے نظام کو بہتر بنایا جائے تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو میرٹ پر مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *