پیٹرولیم مصنوعات کی غیرقانونی ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی قلت کو روکنے کے لیے حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی چین کی کڑی نگرانی کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس مقصد کے لیے ڈیجیٹل ٹریکنگ سسٹم متعارف کرانے کی تیاری شروع کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی سفارش پر پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد سے لے کر پیٹرول پمپس تک فراہمی کے تمام مراحل کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کی جائے گی تاکہ تیل کی ترسیل اور فروخت کے عمل کو شفاف بنایا جا سکے۔ اس نظام کے تحت یہ ریکارڈ رکھا جائے گا کہ ڈپو سے کتنا تیل نکلا، کہاں پہنچا اور کتنی مقدار فروخت ہوئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت کو روکنا اور ذخیرہ اندوزی جیسے غیرقانونی عمل کی مؤثر روک تھام کرنا ہے۔ اس سلسلے میں وفاقی حکومت نے تمام صوبائی حکومتوں کو بھی ہدایات جاری کر دی ہیں کہ وہ اس نظام کے نفاذ میں مکمل تعاون کریں اور غیرقانونی سرگرمیوں کے خلاف سخت کارروائی یقینی بنائیں۔
یہ بھی پڑھیں:وزیر اعظم آج کون سے اہم فیصلے کریں گے،قوم کی نظریں اسلام آباد پر لگ گئیں

