وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے قومی ہاکی ٹیم کے لئے انعامات کا اعلان کر دیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ورلڈ کپ کوالیفائر میں شرکت کرنے والی قومی ہاکی کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کے اعتراف میں ٹیم کے ہر کھلاڑی کیلئے 15 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔
یہ اقدام نہ صرف ٹیم کی محنت اور کھیل کیلئے لگن کا اعتراف ہے بلکہ پاکستان میں ہاکی کے فروغ کیلئے بڑا اقدام ہے۔
ورلڈ کپ کوالیفائر میں قومی ہاکی ٹیم کی شرکت نے ہاکی کے شائقین میں جوش اور ولولہ پیدا کیا ہے اور یہ انعام ان کی ثابت قدمی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم نے مصر میں ورلڈ کپ کوالیفائر میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا تاہم انگلینڈ سے شکست کے بعد چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔
اس کامیابی کے ساتھ ہی پاکستان ہاکی ٹیم نے 8 سال کے طویل وقفے کے بعد ہاکی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا۔
دریں اثنا مصر میں ہونے والے ورلڈ کپ کوالیفائر میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد قومی ہاکی ٹیم وطن پہنچ گئی، کھلاڑیوں کا اسلام آباد ایئرپورٹ پر شاندار استقبال کیا اور انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کیے گئے۔
میگا ایونٹ رواں برس 14 اگست سے بیلجیئم اور نیدرلینڈز میں کھیلا جائے گا۔