عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث دنیا کے مختلف ممالک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق متعدد ممالک میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے تاہم قیمتوں کے لحاظ سے ممالک کی درجہ بندی مختلف ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق دنیا میں پیٹرول کی سب سے زیادہ قیمت امریکہ میں دیکھی جا رہی ہے جہاں حالیہ اضافے کے بعد پیٹرول تقریباً 950 روپے فی لیٹر تک پہنچ گیا ہے جبکہ اس کی قیمت میں تقریباً 14 روپے فی لیٹر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اس کے بعد جرمنی کا نمبر آتا ہے جہاں تقریباً 20 روپے فی لیٹر اضافے کے بعد پیٹرول کی قیمت 500 سے 520 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے۔ اسی طرح برطانیہ میں بھی تقریباً 20 روپے فی لیٹر اضافے کے بعد پیٹرول کی قیمت 470 سے 500 روپے فی لیٹر کے قریب ہو گئی ہے۔
فہرست میں اگلا نمبر ترکی کا ہے جہاں تقریباً 17 روپے فی لیٹر اضافے کے بعد پیٹرول کی قیمت 360 سے 380 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے۔ اس کے بعد سری لنکا میں تقریباً 3 روپے فی لیٹر اضافے کے بعد قیمت 350 سے 370 روپے فی لیٹر جبکہ بنگلہ دیش میں تقریباً 11 روپے فی لیٹر اضافے کے بعد پیٹرول کی قیمت 330 سے 350 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
اسی طرح نیپال میں تقریباً 8 روپے فی لیٹر اضافے کے بعد پیٹرول کی قیمت 330 سے 340 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے۔ ان ممالک کے بعد پاکستان کا نمبر آتا ہے جہاں حالیہ اعلان کے مطابق 55 روپے فی لیٹر اضافے کے بعد پیٹرول کی قیمت تقریباً 321 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے، یوں قیمتوں کے لحاظ سے پاکستان اس فہرست میں تقریباً آٹھویں نمبر پر ہے۔
خلیجی ممالک میں پیٹرول کی قیمتیں نسبتاً کم ہیں۔ متحدہ عرب امارات میں تقریباً 8 روپے فی لیٹر اضافے کے بعد قیمت 190 سے 210 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے جبکہ سعودی عرب میں تقریباً 11 روپے فی لیٹر اضافے کے بعد پیٹرول کی قیمت 170 سے 190 روپے فی لیٹر کے درمیان ہے۔
دنیا میں سب سے سستا پیٹرول عموماً ایران میں پایا جاتا ہے جہاں تقریباً 6 روپے فی لیٹر اضافے کے باوجود پیٹرول کی قیمت صرف 80 سے 90 روپے فی لیٹر کے قریب ہے۔
ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کی بنیادی وجہ مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور عالمی منڈی میں رسد و طلب کا عدم توازن ہے جس کے باعث مختلف ممالک کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑ رہا ہے۔ بعض ممالک جیسے بھارت، چین اور افغانستان میں فی الحال پیٹرول کی قیمتوں میں کوئی نمایاں اضافہ نہیں کیا گیا۔