پاک بحریہ نے سمندری تجارت اور توانائی کی ترسیل کے تحفظ کیلئے آپریشن “محافظُ البحر” کا آغاز کر دیا

پاک بحریہ نے سمندری تجارت اور توانائی کی ترسیل کے تحفظ کیلئے آپریشن “محافظُ البحر” کا آغاز کر دیا

پاکستان کی سمندری حدود اور تجارتی راستوں کے تحفظ کے لیے پاک بحریہ نے خصوصی آپریشن “محافظُ البحر” کا آغاز کر دیا ہے  اس آپریشن کا مقصد ملک کی سمندری تجارت کو محفوظ بنانا اور قومی توانائی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانا ہے تاکہ موجودہ حالات میں معاشی سرگرمیوں کو کسی قسم کی رکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اس آپریشن کے تحت سمندر میں موجود اہم تجارتی راستوں اور توانائی کی ترسیل سے وابستہ جہازوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہےاس اقدام کا مقصد یہ ہے کہ پاکستان آنے اور جانے والے تجارتی جہازوں کو مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے اور کسی بھی ممکنہ خطرے کا بروقت سدباب کیا جا سکے۔

یہ آپریشن پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے ساتھ قریبی رابطے اور باہمی تعاون کے تحت جاری ہے۔ دونوں ادارے مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے اس امر کو یقینی بنا رہے ہیں کہ پاکستانی پرچم تلے چلنے والے تجارتی جہاز بحفاظت اپنی منزل تک پہنچ سکیں۔

اس وقت پاک بحریہ کے جنگی جہاز پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے دو تجارتی جہازوں کو خصوصی سکیورٹی فراہم کر رہے ہیں، یہ جہاز توانائی اور دیگر ضروری سامان کی ترسیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے ان کی حفاظت کو ترجیح دی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :پاک بحریہ کا زمین سے فضا میں مار کرنیوالے ایل وائی 80 میزائل کا کامیاب تجربہ

حکام کا کہنا ہے کہ پی این ایس سی کا ایک تجارتی جہاز آج کراچی بندرگاہ پہنچنے والا ہے، جس کی محفوظ آمد کو یقینی بنانے کے لیے پاک بحریہ کے جنگی جہاز مسلسل نگرانی اور حفاظتی اقدامات میں مصروف ہیں۔

بحری حکام کے مطابق سمندر میں جنگی جہازوں کی تعیناتی اس عزم کا اظہار ہے کہ پاکستان اپنے قومی مفادات، تجارتی راستوں اور توانائی کی ترسیل کے نظام کو ہر قیمت پر محفوظ رکھے گا۔

حکام نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ملک کی اقتصادی سرگرمیوں کا بڑا حصہ سمندری تجارت سے وابستہ ہے، اس لیے ان راستوں کی حفاظت قومی ترجیحات میں شامل ہے۔

پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ آپریشن “محافظُ البحر” کے تحت نگرانی اور حفاظتی اقدامات اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک سمندری تجارت اور توانائی کی ترسیل کو مکمل طور پر محفوظ بنانے کا ہدف حاصل نہیں ہو جاتا۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *