عوام کے لیے بڑی خوشخبری، پیٹرول بحران پر قابو پانا ممکن ہو گیا

عوام کے لیے بڑی خوشخبری، پیٹرول بحران پر قابو پانا ممکن ہو گیا

پورٹ قاسم پر پیٹرول اور گیس آئل کی بڑی کھیپ پہنچنا شروع ہوگئی ہے جس کے بعد ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی مزید بہتر ہونے کی توقع ظاہر کی جارہی ہے۔

حکام کے مطابق گیس آئل سے بھرا ایک بڑا جہاز فوٹکو ٹرمینل پر لنگر انداز ہوگیا ہے جبکہ آئندہ چند دنوں میں پیٹرول سے بھرے مزید جہاز بھی بندرگاہ پہنچنے والے ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق گیس آئل بردار جہاز ’ایم ٹی ٹورم دامینی‘ فوٹکو ٹرمینل پر پہنچ کر لنگر انداز ہوگیا ہے جس کے بعد اس میں موجود ایندھن کو مرحلہ وار اتارنے کا عمل شروع کیا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس کھیپ سے ملک میں گیس آئل کی دستیابی بہتر ہوگی اور صنعتوں سمیت ٹرانسپورٹ کے شعبے کو فائدہ پہنچے گا۔

یہ بھی پڑھیں:عالمی منڈی میں خام تیل مہنگا: دنیا بھر میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ، مہنگے اور سستے ترین ممالک کی فہرست جاری

پیٹرول سے بھرے جہازوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ حکام کے مطابق جہاز ’ایم ٹی ناوے ایٹروپوس‘ تقریباً 50 ہزار میٹرک ٹن پیٹرول لے کر 9 مارچ کو پورٹ قاسم پہنچ چکا ہے۔ اس جہاز کے ذریعے آنے والا پیٹرول مختلف آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو فراہم کیا جائے گا تاکہ ملک بھر میں سپلائی کو یقینی بنایا جاسکے۔

اسی طرح ایک اور بڑا جہاز ’ایم ٹی اسپروس 2‘ بھی 55 ہزار میٹرک ٹن پیٹرول کے ساتھ 10 مارچ رات 8 بج کر 30 منٹ پر بندرگاہ پہنچنے کا شیڈول رکھتا ہے۔ حکام کے مطابق اس جہاز کے پہنچنے کے بعد پیٹرول کی بڑی مقدار قومی ذخائر میں شامل ہوجائے گی۔

اس کے علاوہ جہاز ’ایم ٹی سی کلپر‘ بھی تقریباً 34 ہزار میٹرک ٹن پیٹرول لے کر 11 مارچ دوپہر 12 بجے بندرگاہ پہنچنے والا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان جہازوں کے ذریعے آنے والی پیٹرول کی مجموعی مقدار سے ملک میں پیٹرول کی سپلائی مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔

ترجمان کے مطابق پورٹ قاسم پر آنے والے جہازوں میں سے ایک متحدہ عرب امارات کے شہر فجیرہ سے روانہ ہوا تھا اور کامیابی سے بندرگاہ پہنچ چکا ہے۔ مزید بتایا گیا کہ آنے والے جہازوں میں ایک جہاز عمان سے روانہ ہوا ہے جبکہ دیگر دو جہازوں کے بارے میں مکمل معلومات بعد میں جاری کی جائیں گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کے لیے مزید جہازوں کی آمد بھی متوقع ہے۔ بندرگاہ اور آئل کمپنیوں کے عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ جہازوں سے پیٹرول اور گیس آئل کی ترسیل کا عمل تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے تاکہ ملک کے مختلف شہروں میں ایندھن کی سپلائی بلا تعطل جاری رکھی جاسکے۔

معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق بڑی مقدار میں پیٹرول اور گیس آئل کی درآمد سے آئندہ دنوں میں ملک میں ایندھن کی دستیابی بہتر رہے گی اور ٹرانسپورٹ، صنعت اور بجلی پیدا کرنے والے شعبوں کو بھی فائدہ پہنچے گا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *