دبئی میں فضائی دفاعی کارروائی کے دوران ڈرون کے ملبے کی زد میں آ کر جو پاکستانی شہری جاں بحق ہوگیا تھا اس کی شناخت ہو گئی ہے، جس کے بعد خلیجی شہر میں مقیم پاکستانی برادری میں گہرے دکھ اور افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے۔ حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت مظفر علی کے نام سے ہوئی ہے۔
حکام کے مطابق حالیہ حملوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر 4 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جن میں 2 پاکستانی شہری بھی شامل ہیں۔ واقعے کے بعد مقامی حکام نے تحقیقات شروع کردی ہیں اور متاثرہ علاقے کو عارضی طور پر گھیرے میں لے لیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ دبئی کے علاقے البصریٰ میں ہفتے کی شام پیش آیا، جہاں فضائی دفاعی نظام کی کارروائی کے دوران فضا میں تباہ ہونے والے ہدف کا ملبہ زمین پر آ گرا۔ ملبے کے ٹکڑے قریبی سڑک اور اطراف میں گرنے کے باعث کئی افراد زخمی بھی ہوئے جبکہ مظفر علی شدید زخمی ہونے کے باعث جانبر نہ ہوسکا۔
مقامی حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والا پاکستانی شہری اس وقت سڑک پر موجود تھا جب اچانک ملبہ اس کے قریب آ گرا۔ امدادی ٹیموں نے فوری طور پر اسے اسپتال منتقل کیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مظفر علی پیشے کے لحاظ سے ڈرائیور تھا اور کافی عرصے سے دبئی میں روزگار کے سلسلے میں مقیم تھا۔ بتایا گیا ہے کہ اس کا تعلق پاکستان کے صوبہ سندھ سے تھا اور وہ اپنے خاندان کی کفالت کے لیے بیرون ملک کام کر رہا تھا۔
واقعے کے بعد پاکستانی قونصل خانے نے مقامی حکام سے رابطہ کرلیا ہے اور جاں بحق شہری کے اہل خانہ سے بھی رابطہ کیا جارہا ہے۔ ذرائع کے مطابق ضروری قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد میت کو پاکستان منتقل کرنے کے انتظامات کیے جائیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ سیکیورٹی صورتحال کے باعث شہر میں حفاظتی اقدامات مزید سخت کردیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔ اس واقعے نے بیرون ملک محنت مزدوری کرنے والے پاکستانیوں میں تشویش پیدا کردی ہے جبکہ سوشل میڈیا پر بھی اس سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے۔