آسٹریلیا نے خلیجی ممالک کے دفاع کے لیے مدد کا اعلان کر دیا البتہ اپنی فوج ایرانی سرزمین پر تعینات کرنے سے انکار کر دیا۔
آسٹریلین وزیرِ اعظم انتھونی البانیز نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دفاعی تعاون کے تحت آسٹریلیا اپنا فوجی سرویلنس طیارہ مشرقِ وسطیٰ بھیجے گا اور یو اے ای کی درخواست پر میڈیئم رینج فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل بھی بھیجے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ فوجی سپورٹ خلیجی ممالک کو ایران کے حملوں سے محفوظ رکھے گی ، تاہم آسٹریلیا اپنی فوج ایران کی سر زمین پر تعینات نہیں کرے گا کیونکہ آسٹریلیا اس تنازع میں فریق نہیں ہے۔
انتھونی البانیز نے کہا کہ ہماری شمولیت مکمل طور پر دفاعی نوعیت کی ہے اور اس کا مقصد خطے میں موجود آسٹریلوی شہریوں کے ساتھ ساتھ متحدہ عرب امارات میں ہمارے دوستوں کا دفاع بھی ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے مشرقِ وسطیٰ میں امریکی یا اسرائیلی اڈوں پر مزید حملے کیے یا آبنائے ہرمز میں تیل کی ترسیل روکنے کی کوشش کی تو امریکا اس اہم بحری راستے کا کنٹرول سنبھال سکتا ہے۔