وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں جرائم کے خاتمے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کو ایک جدید اور اعلیٰ سطح کے تفتیشی ادارے میں تبدیل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
اس منصوبے کے تحت سی سی ڈی کے دائرہ کار کو وسیع کیا جائے گا اور اسے دنیا کے بہترین جرائم کنٹرول کرنے والے اداروں کی طرز پر استوار کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ آفس کے مطابق اس ادارے کو جدید سائنسی سہولیات، پیشہ ورانہ تفتیشی مہارتوں اور جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا جائے گا اس مقصد کے لیے جدید فارنزک سہولیات، مصنوعی ذہانت پر مبنی نظام، جدید نگرانی کے آلات، خفیہ معلومات حاصل کرنے کے جدید طریقے اور جدید مشینری فراہم کی جائے گی تاکہ جرائم پیشہ عناصر کا سراغ لگانے اور ان کی نگرانی کو زیادہ مؤثر بنایا جا سکے۔
حکومت پنجاب کے مطابق سی سی ڈی کو ایسا ادارہ بنانے کا ہدف رکھا گیا ہے جو ملک کے جدید ترین تحقیقاتی اداروں میں شمار ہو، اسی سلسلے میں صوبے میں اس ادارے کے لیے جدید ہیڈکوارٹر قائم کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ پنجاب کے ہر ڈویژن، ضلع اور تحصیل میں سی سی ڈی کے دفاتر، تھانے اور اہلکاروں کے لیے رہائش گاہیں بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ ادارہ پورے صوبے میں مؤثر انداز میں کام کر سکے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے عیدالفطر کے بعد صوبہ بھر میں غیر قانونی اسلحے کے خلاف بڑے پیمانے پر مہم چلانے کی بھی منظوری دے دی ہے،اس مقصد کے لیے نئے قانون سازی اقدامات پر بھی غور کیا جا رہا ہے تاکہ غیر قانونی اسلحے کے استعمال کو سختی سے روکا جا سکے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سی سی ڈی کے اقدامات کے باعث پنجاب میں مختلف جرائم کی شرح میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔ قتل اور خواتین کے خلاف جرائم میں واضح کمی آئی ہے جبکہ ڈکیتی کی وارداتوں میں گزشتہ سال کے مقابلے میں ستتر فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
اسی طرح موبائل فون اور بیگ چھیننے کے واقعات میں انچاس فیصد، گاڑی چوری کے واقعات میں سترہ فیصد، اقدام قتل میں اکتیس فیصد اور اغوا برائے تاوان کے واقعات میں پینتالیس فیصد کمی سامنے آئی ہے۔