اسلام آباد ہائیکورٹ میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی علاج معالجہ کے لیے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقلی کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی ہے۔
رجسٹرار آفس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کل بروز بدھ کی کاز لسٹ جاری کر دی ہے۔ جسٹس انعام امین منہاس بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ ڈاکٹر عظمیٰ خان کی جانب سے دائر درخواست پر کل سماعت کریں گے۔
درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے طبی معائنے اور علاج کے دوران ان تک رسائی فراہم کی جائے اور سابق وزیراعظم عمران خان کی صحت سے متعلق فوری اور بروقت معلومات دی جائیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ ان کی پسند کے ڈاکٹروں سے کروانے کا انتظام کیا جائے۔ درخواست میں ڈاکٹر خرم مرزا، ڈاکٹر عاصم یوسف، ڈاکٹر فیصل سلطان اور ڈاکٹر ثمینہ نیازی کو طبی معائنہ بورڈ میں شامل کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست گزار کی جانب سے عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بلڈ ٹیسٹ کروائے جائیں اور علاج کے لیے انہیں شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیا جائے۔ مزید یہ بھی کہا گیا ہے کہ دورانِ حراست اور علاج کے دوران معالجین، اہلِ خانہ اور وکلاء کو بانی پی ٹی آئی تک مسلسل رسائی فراہم کی جائے۔
عدالت عالیہ میں دائر درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی گزشتہ تین ماہ کی بلڈ ٹیسٹ، آئی ٹیسٹ اور تشخیصی رپورٹس سمیت مکمل طبی رپورٹس بھی فراہم کی جائیں۔