ہفتہ وار اضافی چھٹی کب ہوگی؟ حکومت نے فیصلہ کر لیا

ہفتہ وار اضافی چھٹی کب ہوگی؟ حکومت نے فیصلہ کر لیا

وفاقی حکومت نے کفایت شعاری اور توانائی کی بچت کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے ہفتہ وار اضافی چھٹی جمعہ کے روز دینے کا اعلان کر دیا ہے۔اس فیصلے کا اعلان وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد کیا گیا جس میں حکومتی اقدامات پر تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے بعد جاری اعلامیے کے مطابق حکومت نے موجودہ عالمی حالات اور توانائی کے دباؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ توانائی کے استعمال کو کم کیا جا سکے اور قومی معیشت کو مستحکم رکھنے میں مدد ملے، اعلامیے میں بتایا گیا کہ ہفتہ وار اضافی تعطیل جمعہ کے روز ہوگی جس کا مقصد بجلی اور دیگر وسائل کے استعمال میں کمی لانا ہے۔

اجلاس کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کی ہر ممکن کوشش ہے کہ عالمی حالات کے باوجود ملکی معیشت کو مستحکم رکھا جائے اور عوام کو مشکلات سے بچایا جائے، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کفایت شعاری کے تحت کیے جانے والے تمام فیصلوں پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں :عیدالفطر پر کتنی چھٹیاں ہوں گی؟

حکومت نے ان اقدامات کی نگرانی کے لیے ایک خصوصی کمیٹی بھی قائم کر دی ہے جس کی سربراہی نائب وزیر اعظم محمد اسحاق ڈار کریں گے،یہ کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر حکومتی اقدامات کا جائزہ لے گی اور اپنی رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کرے گی تاکہ پالیسی پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔

وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ کفایت شعاری سے متعلق اقدامات کا تھرڈ پارٹی آڈٹ بھی کروایا جائے تاکہ ان فیصلوں کے اثرات اور نتائج کا درست اندازہ لگایا جا سکے اس کے علاوہ تمام وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ان اقدامات کو مکمل طور پر نافذ کریں۔

اجلاس میں سرکاری اداروں میں گاڑیوں کے کم استعمال اور دیگر اخراجات میں کمی کے اقدامات پر بھی زور دیا گیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وزارتیں اور سرکاری ادارے کفایت شعاری کے تحت بند رکھی گئی سرکاری گاڑیوں کی تصاویر کابینہ ڈویژن کو فراہم کریں۔

اس کے ساتھ ساتھ سرکاری دفاتر میں گھر سے کام کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے بھی ہر وزارت کو اپنی تفصیلی رپورٹ وزیر اعظم آفس کو جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *