وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایم ٹیگ رجسٹریشن کا عمل نہایت آسان بنا دیا گیا ہے جس کے تحت شہری چند منٹوں میں اپنی گاڑی یا موٹر سائیکل کے لیے ایم ٹیگ حاصل کر سکتے ہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق متعلقہ حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ مقررہ آخری تاریخ سے پہلے رجسٹریشن مکمل کر لیں تاکہ ٹول پلازوں پر رش اور ممکنہ مشکلات سے بچا جا سکے۔
ایم ٹیگ رجسٹریشن کے لیے صرف دو بنیادی دستاویزات درکار ہیں جن میں گاڑی یا موٹر سائیکل کا رجسٹریشن کارڈ یا بک اور مالک کا قومی شناختی کارڈ شامل ہے۔اگر یہ دونوں دستاویزات مکمل اور درست ہوں تو رجسٹریشن کا عمل موقع پر ہی مکمل کر دیا جاتا ہے اور ایم ٹیگ فوراً جاری کر دیا جاتا ہے اس عمل کے لیے کسی اضافی فارم، فائل یا فوٹو کاپی کی ضرورت نہیں ہوتی۔
حکام کا کہنا ہے کہ جو شہری مکمل دستاویزات کے ساتھ رجسٹریشن مراکز پر آتے ہیں ان کا کام چند منٹوں میں مکمل ہو جاتا ہے، تاہم اگر کسی دستاویز میں کمی ہو تو انہیں دوبارہ مطلوبہ کاغذات کے ساتھ آنا پڑتا ہے جس سے وقت ضائع ہو سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :موٹر سائیکلوں پر ایم ٹیگ لگوانے والے شہریوں کے لیے اچھی خبر
شہریوں کی سہولت کے لیے اسلام آباد میں پندرہ رجسٹریشن مراکز قائم کیے گئے ہیں جہاں ون نیٹ ورک کے ذریعے ایم ٹیگ کی سہولت فراہم کی جا رہی ہےان مراکز کا مقصد یہ ہے کہ زیادہ سے زیادہ گاڑی اور موٹر سائیکل مالکان اپنے رہائشی علاقوں یا سفر کے راستوں کے قریب ہی آسانی سے رجسٹریشن کروا سکیں۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ مقررہ تاریخ کے بعد بغیر ایم ٹیگ موٹر ویز اور ٹول سڑکوں پر سفر کرنے والے افراد کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔اسی لیے شہریوں کو تاکید کی گئی ہے کہ آخری دنوں کا انتظار نہ کریں اور جلد از جلد رجسٹریشن مکمل کر لیں واضح رہے کہ ایم ٹیگ ایک چھوٹا الیکٹرانک لیبل ہوتا ہے جو گاڑی یا موٹر سائیکل کی اگلی ونڈ اسکرین پر لگایا جاتا ہے۔
اس کے اندر نصب چپ ٹول پلازہ پر موجود کیمروں اور سینسرز کے ساتھ رابطہ قائم کرتی ہے، جیسے ہی گاڑی یا موٹر سائیکل ٹول گیٹ کے قریب پہنچتی ہے، نظام خودکار طور پر متعلقہ اکاؤنٹ سے ٹول کی رقم کاٹ لیتا ہے اور گیٹ کھل جاتا ہے۔
اس جدید نظام کے ذریعے نہ صرف نقد لین دین کی ضرورت ختم ہو جاتی ہے بلکہ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو رکے بغیر چند سیکنڈ میں گزرنے کی سہولت بھی ملتی ہے جس سے سفر زیادہ تیز اور آسان ہو جاتا ہے۔