پاکستان نے لبنان میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں پر شدید ردعمل دیتے ہوئے عالمی برادری سے فوری مداخلت کا مطالبہ کر دیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان لبنان سمیت پورے خطے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق لبنان کے خلاف اسرائیلی کارروائیاں بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں سیکڑوں شہری ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ تقریباً پانچ لاکھ افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ یہ کارروائیاں لبنان میں امن اور استحکام کی کوششوں کو نقصان پہنچا رہی ہیں اور اسرائیلی حملوں کے باعث خطے میں سیکیورٹی اور انسانی بحران مزید سنگین ہو سکتا ہے۔
پاکستان نے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل فوری، مکمل اور غیر مشروط طور پر لبنان سے اپنی افواج واپس بلائے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ پاکستان اسرائیلی جارحیت کے مقابلے میں لبنانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور خطے میں دیرپا امن کے لیے تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔