پاک افغان سرحد پر ژوب سیکٹر میں کشیدگی کے دوران پاک فوج نے افغان طالبان کی دو سرحدی چوکیوں کو نشانہ بنایا، جس کے بعد طالبان اہلکار پوسٹیں اور اسلحہ چھوڑ کر فرار ہو گئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے ژوب سیکٹر میں افغان طالبان کی پوسٹ نمبر 2 اور پوسٹ نمبر 3 کو مؤثر اور بروقت کارروائی میں نشانہ بنایا۔ کارروائی کے دوران پاکستانی فورسز نے بھاری ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے ان چوکیوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں طالبان اہلکاروں کو پسپائی اختیار کرنا پڑی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج کی بھرپور کارروائی کے باعث افغان طالبان کے اہلکار اپنی پوسٹیں اور اسلحہ چھوڑ کر فرار ہو گئے جبکہ سرحدی علاقے میں صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی فورسز نے سرحدی علاقے میں اپنی پوزیشنیں مزید مضبوط کر لی ہیں اور کسی بھی ممکنہ جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔
علاقے میں کشیدگی کے پیش نظر سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے جبکہ پاک فوج کی جانب سے سرحدی نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی قسم کی دراندازی یا اشتعال انگیزی کو فوری طور پر روکا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج ملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے مکمل طور پر چوکس ہیں اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں فوری اور مؤثر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔