امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر ہونے والے حملے کے بعد امریکی فوجی اڈے اور اہلکاروں کی موجودگی کے سبب مشرقِ وسطیٰ ایک وسیع تر تنازع کی لپیٹ میں آ گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق 28 فروری سے شروع ہونے والی اس جنگ کے بعد پورے خطے میں درجنوں نہیں بلکہ سینکڑوں افراد جان سے جا چکے ہیں، یہاں 9 مارچ تک مختلف ممالک کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اموات کی تفصیل پیش کی جا رہی ہیں۔
ایران
ایران میں تقریباً 1200 سے زائد افراد شہید ہو چکے ہیں، انسانی ہمدردی تنظیم ایرانی ہلال احمر سوسائٹی کے مطابق ان شہید افراد میں 175 طالبات اور عملے کے ارکان بھی شامل ہیں جو جنگ کے پہلے روز جنوبی شہر میناب میں پرائمری اسکول پر میزائل حملے میں شہید ہوئے تھے۔
دوسری جانب ایرانی فوج کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے سری لنکا کے ساحل کے قریب امریکی آبدوز کی جانب سے ایرانی جنگی جہاز ڈبوئے جانے کے نتیجے میں تقریباً 104 افراد شہید ہوئے، یہ تعداد ریڈ کریسنٹ کی مجموعی شہادتوں میں شامل نہیں ہے۔
اسرائیل
اسرائیلی فوج کے مطابق جنوبی لبنان میں 2 فوجی ہلاک ہوئے، جو کہ گزشتہ ہفتے حزب اللّٰہ کی جانب سے ایران کی حمایت میں اسرائیل پر حملوں کے بعد دوبارہ شروع ہونے والی جھڑپوں کے بعد فوج کی پہلی ہلاکتیں ہیں۔
اس کے علاوہ 11 شہری بھی مارے گئے، جن میں 9 افراد یکم مارچ کو یروشلم کے قریب بیت شیمش پر ایرانی میزائل حملے میں ہلاک ہوئے، یہ اعداد و شمار اسرائیلی ایمبولینس سروس نے جاری کیے ہیں۔
امریکی فوجیوں کی ہلاکتیںامریکی فوج کے مطابق ایران کے خلاف کارروائیوں کے دوران 8 امریکی فوجی اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔
لبنان
لبنان کی وزارتِ صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں تقریباً 394 افراد شہد ہو چکے ہیں، جن میں 83 بچے بھی شامل ہیں۔
سعودی عرب
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے جنوب مشرق میں واقع شہر الخرج میں ایک رہائشی علاقے پر گولہ گرنے سے 2 افراد شہید ہو گئے۔
بحرین ، کویت اور عمان
بحرین کی وزارتِ داخلہ کے مطابق 2 مارچ کو میزائل انٹرسپشن کے بعد سلمان انڈسٹریل سٹی میں آگ لگنے سے 1 شخص شہید ہوا جبکہ کویت میں ایرانی حملوں میں ایک بچے سمیت وزارتِ داخلہ کے 2 افسران اور فوج کے 2 اہلکار شہید ہو گئے۔
عمان کے دارالحکومت مسقط کے ساحل کے قریب آئل ٹینکر پر گولہ گرنے سے 1 شخص شہید ہو گیا۔
متحدہ عرب امارات
امارات کی وزارتِ دفاع کے مطابق 4 افراد مختلف حملوں میں شہید ہو گئے جن میں 2 پاکستانی بھی شامل ہیں۔
شام اور عراق
سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق 28 فروری کو جنوبی شامی شہر سویدا میں ایک عمارت پر ایرانی میزائل گرنے سے 4 افراد مارے گئے جبکہ عراقی پولیس اور صحت حکام کے مطابق تقریباً 15 افراد شہید ہوئے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق 5 مارچ کو عراق میں ایران کی حمایت یافتہ شیعہ ملیشیا کے ایک کمانڈر فضائی حملے میں شہید ہو گئے۔