روزے کتنے ہوں گے؟ عید کا چاند کب نظر آگے گا؟ محکمہ موسمیات کے ماہرین نے نئی پیشگوئی کردی

روزے کتنے ہوں گے؟ عید کا چاند کب نظر آگے گا؟ محکمہ موسمیات کے ماہرین نے نئی پیشگوئی کردی

محکمہ موسمیات نے عید الفطر کے چاند سے متعلق ابتدائی سائنسی پیشگوئی جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اس سال رمضان المبارک کے 30 روزے ہونے کا قوی امکان ہے جبکہ عید الفطر 21 مارچ کو منائی جا سکتی ہے۔ تاہم عید کے چاند کا حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے کیا جائے گا۔

محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر انجم نذیر کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 19 مارچ کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا جس میں ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتوں اور سائنسی معلومات کی روشنی میں عید کے چاند سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:ملک میں عید کا چاند کب نظر آنے کا امکان ؟ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی آگئی

انجم نذیر نے بتایا کہ سائنسی حساب کے مطابق 19 مارچ کو عید کا چاند نظر آنا تقریباً ناممکن ہے کیونکہ چاند کی پیدائش پاکستانی وقت کے مطابق صبح 6 بج کر 23 منٹ پر ہوگی۔ غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 12 گھنٹے اور چند منٹ ہوگی۔

انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ فلکیاتی اصولوں کے مطابق چاند کے نظر آنے کے لیے اس کی عمر عموماً 14 گھنٹے یا اس سے زیادہ ہونی چاہیے۔ اس سے کم عمر چاند کو نہ صرف عام آنکھ سے دیکھنا مشکل ہوتا ہے بلکہ جدید دوربین کے ذریعے بھی اس کا مشاہدہ مشکل ہو جاتا ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کے مطابق 12 گھنٹے کی عمر والا چاند سائنسی لحاظ سے دکھائی نہیں دیتا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس عمر میں چاند کا افق پر زاویہ اور روشنی دونوں انتہائی کم ہوتے ہیں جس کی وجہ سے اس کا مشاہدہ ممکن نہیں ہوتا۔

انجم نذیر نے مزید بتایا کہ اگر 19 مارچ کو چاند نظر نہیں آتا تو رمضان المبارک کے 30 روزے مکمل ہونے کے بعد عید الفطر 21 مارچ بروز ہفتہ منائے جانے کا امکان ہے۔ تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چاند دیکھنے کے لیے مختلف شہروں سے شہادتیں اکٹھی کی جاتی ہیں اور پھر مذہبی و سائنسی معلومات کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا جاتا ہے۔ اس عمل میں محکمہ موسمیات، سپارکو اور دیگر اداروں کی سائنسی رپورٹس بھی مدد فراہم کرتی ہیں۔

ماہرین فلکیات کے مطابق ہر سال چاند کی پیدائش اور اس کے نظر آنے کا انحصار مختلف عوامل پر ہوتا ہے جن میں چاند کی عمر، افق پر بلندی، موسم کی صورتحال اور بادلوں کی موجودگی شامل ہیں۔

مزید پڑھیں:عیدالفطر پر بارش ہوگی یا شدید گرمی ؟ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی آگئی

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر موسم صاف ہو اور چاند کی عمر مناسب ہو تو اس کے نظر آنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں، تاہم کم عمر چاند کو دیکھنا سائنسی طور پر ممکن نہیں ہوتا۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ چاند سے متعلق کسی بھی خبر یا اعلان کے لیے صرف مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے باضابطہ اعلان پر ہی انحصار کیا جائے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *