ایران کی مسلح افواج نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی حملے میں ایرانی فوج کے بریگیڈیئر جنرل عبداللہ جلالی شہید ہو گئے ہیں۔
ایرانی فوج کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بریگیڈیئر جنرل عبداللہ جلالی ملک کے دفاع کے دوران صیہونی ریاست کے حملے کا نشانہ بنے اور جامِ شہادت نوش کیا۔
بیان کے مطابق بریگیڈیئر جنرل عبداللہ جلالی ایران کی مسلح افواج کے اہم افسران میں شمار ہوتے تھے اور وہ قومی سلامتی اور دفاعی امور میں اہم کردار ادا کر رہے تھے، بیان میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے وطن کے دفاع کے لیے اپنی جان قربان کر کے بہادری اور عزم کی مثال قائم کی۔
ایرانی حکام نے کہا ہے کہ ملک کے دفاع کے لیے قربان ہونے والے تمام فوجی اہلکاروں کی قربانیاں قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں اور ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، حکام کے مطابق اسرائیلی حملوں کے باوجود ایران اپنی دفاعی صلاحیت اور قومی خودمختاری کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔
یاد رہے کہ ایران نے حالیہ جنگ کے آغاز کے بعد کئی اعلیٰ فوجی حکام کی شہادت کی تصدیق کی ہے، ان میں عزیز ناصر زادہ، عبدالرحیم موسوی اور محمد پاکپور بھی شامل ہیں۔ ایرانی حکام کے مطابق یہ تمام افسران مختلف فوجی کارروائیوں اور حملوں کے دوران شہید ہوئے۔