بیرون ملک سے گاڑیاں منگوانے کا نیا ریکارڈ بن گیا ، وجہ بھی سامنے آ گئی

بیرون ملک سے گاڑیاں منگوانے کا نیا ریکارڈ بن گیا ، وجہ بھی سامنے آ گئی

پاکستان میں بڑی تجارتی گاڑیوں کی درآمدات نے ملکی تاریخ کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2025-26 کے پہلے گیارہ ماہ کے دوران بسوں اور ٹرکوں کی درآمدات پہلی مرتبہ 26 کروڑ 24 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2024-25 کے پہلے گیارہ ماہ میں بسوں اور ٹرکوں کی درآمدات کا حجم صرف 5 کروڑ 78 لاکھ ڈالر تھا جبکہ رواں مالی سال کے دوران یہ درآمدات غیر معمولی اضافے کے ساتھ 26 کروڑ 24 لاکھ ڈالر کی سطح پر پہنچ گئیں۔ اس طرح ایک سال میں ہیوی ٹرانسپورٹ کی درآمدات میں چار گنا سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق درآمد کی جانے والی زیادہ تر گاڑیاں مکمل تیار شدہ یونٹس (Completely Built Units – CBU) کی صورت میں پاکستان لائی گئیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ٹرانسپورٹ کمپنیوں اور کاروباری اداروں نے نئی کمرشل گاڑیوں کی خریداری میں نمایاں دلچسپی دکھائی۔

یہ بھی پڑھیں:حکومت نے بجلی بلوں پر بڑی پیچیدگی ختم کر دی

 بڑی گاڑیوں کی درآمدات میں اس غیر معمولی اضافے کی ایک اہم وجہ شرح سود میں نمایاں کمی ہے جس کے باعث کاروباری اداروں کے لیے بینکوں سے قرض حاصل کرنا نسبتاً آسان اور کم لاگت ہو گیا ہے۔ اس کے علاوہ حکومت کی جانب سے ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس کے شعبے کے لیے فراہم کی جانے والی مراعات اور معاشی سرگرمیوں میں بتدریج بہتری نے بھی ہیوی وہیکلز کی طلب میں اضافہ کیا ہے۔

 ملک میں صنعتی پیداوار تعمیراتی سرگرمیوں مال برداری اور بین الصوبائی تجارتی نقل و حمل میں اضافے کے باعث جدید ٹرکوں اور بسوں کی ضرورت بڑھ رہی ہے۔ اسی رجحان کے پیش نظر متعدد ٹرانسپورٹ کمپنیوں نے اپنے پرانے بیڑے کی جگہ نئی گاڑیاں درآمد کرنے کو ترجیح دی۔

دوسری جانب معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگرچہ بڑی گاڑیوں کی درآمدات میں اضافہ اقتصادی سرگرمیوں میں بہتری کی علامت ہے تاہم اس کے نتیجے میں درآمدی بل اور زرمبادلہ کے ذخائر پر بھی اضافی دباؤ پڑ سکتا ہے۔ ان کے مطابق طویل المدتی بنیادوں پر مقامی سطح پر ہیوی کمرشل گاڑیوں کی تیاری کو فروغ دینا زیادہ مؤثر حکمت عملی ثابت ہو سکتی ہے۔

editor

Related Articles