پاک افغان سرحدی علاقے لیٹی (تاری پشہ) میں افغان طالبان کا پاکستان کی سول آبادی پر مارٹر حملہ ، 4 افراد شہید

پاک افغان سرحدی علاقے لیٹی (تاری پشہ) میں افغان  طالبان  کا پاکستان کی سول آبادی پر مارٹر حملہ ، 4 افراد شہید

خیبر پختونخوا کے ضلع  باجوڑ کی تحصیل سلار زئی کے پاک افغان سرحدی علاقے لیٹی (تاری پشہ) میں افغان طالبان کی جانب سے کی گئی مارٹر گولہ باری کے نتیجے میں چار معصوم شہری شہید جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔ واقعے کے بعد   مقامی آبادی میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق مارٹر گولہ سرحد پار سے فائر کیا گیا جو آ کر ایک رہائشی مکان پر گرا۔ گولہ لگنے سے گھر میں موجود چار افراد موقع پر ہی شہید ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق شہید ہونے والے تمام افراد آپس میں سگے بھائی تھے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والوں میں ساجد، ایاز، ریاض اور معاذ شامل ہیں۔ دھماکے کے باعث مکان کو بھی شدید نقصان پہنچا جبکہ ایک اور شخص زخمی ہو گیا جسے فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں :آپریشن غضب للحق تیز‘، پاک فوج کا چترال میں افغان طالبان کی پوسٹ پر بڑا حملہ،’بادانی پوسٹ مکمل تباہ

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان طالبان کی جانب سے فائر کیے گئے مارٹر گولے باجوڑ کے سرحدی علاقے سالارزئی اور اس کے گرد و نواح میں گرے۔ حکام کے مطابق یہ حملہ ایسے وقت میں کیا گیا جب حالیہ کارروائیوں میں افغان طالبان کو پاکستانی فورسز کے ہاتھوں شدید نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاک فوج کی مؤثر کارروائیوں اور ہزیمت کے بعد افغان طالبان کی جانب سے سول آبادی کو نشانہ بنانے کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ سرحدی علاقوں میں اس طرح کی گولہ باری سے شہری آبادی کو شدید خطرات لاحق ہو جاتے ہیں۔

واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی اداروں نے صورتحال کا فوری جائزہ لیا اور مزید کسی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے نگرانی سخت کر دی گئی ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج افغان طالبان کی جانب سے کیے جانے والے بزدلانہ حملوں کا بھرپور اور مؤثر جواب دے رہی ہیں۔ مقامی عوام میں اشتعال پایا جارہا ہے ۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *