اسلام آباد کی انٹر نیشنل اسلامک یونیورسٹی کی حدود میں اتوار کی رات ایک بار پھر سے تیندوے کے دیکھے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں ۔
بین الاقوامی اسلامک یونیورسٹی کےطلبہ کے مطابق تیندوا مغرب کے بعد کیمپس کے اندر نظر آیا جس کے باعث طلبہ اور عملے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جنگلی جانور کچھ دیر تک یونیورسٹی کے احاطے میں گھومتا رہا جس کے بعد وہ قریبی جھاڑیوں کی طرف چلا گیا۔
واضح رہے کہ تقریباً دو ماہ قبل بھی یونیورسٹی کیمپس میں تیندوا دیکھے جانے کی اطلاع سامنے آئی تھی، جس کے بعد انتظامیہ اور محکمہ جنگلی حیات نے علاقے میں نگرانی بڑھانے کی ہدایت کی تھی۔
طلبہ نے مطالبہ کیا ہے کہ کیمپس میں سکیورٹی مزید سخت کی جائے اور جنگلی حیات کے ماہرین کو طلب کر کے تیندوے کی موجودگی سے متعلق فوری اقدامات کیے جائیں۔ دوسری جانب وائلڈ لائف کی ٹیم یونیورسٹی انتظامیہ کی باضابطہ درخواست پر کیمپس پہنچی۔ حفاظتی اقدامات کے تحت یونیورسٹی انتظامیہ متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے اور صٓورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یونیورسٹی نے کیمپس میں نگرانی مزید سخت کر دی ہے اور طلبہ، عملے اور رہائشیوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے وائلڈ لائف اور انتظامی محکموں کے ساتھ تعاون جاری ہے۔
مزید پڑھیں: راولپنڈی اسلام آباد سمیت دیگر علاقوں میں تیز بارش،جاتی سردی لوٹ آئی

