ملک میں سونے کی قیمت میں گزشتہ روز تاریخی کمی کے بعد آج ایک بار پھر بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث صرافہ بازار میں غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔
آل پاکستان صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 16 ہزار 300 روپے کا نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 64 ہزار 62 روپے ہو گئی ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 13 ہزار 975 روپے بڑھ کر 3 لاکھ 97 ہزار 858 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
صرافہ ڈیلرز کے مطابق سونے کی قیمت میں اتار چڑھاؤ کی بنیادی وجہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں اضافہ اور ڈالر کی قدر میں تبدیلی ہے۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جہاں فی اونس سونا 163 ڈالر مہنگا ہو کر 4 ہزار 413 ڈالر تک جا پہنچا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی معاشی غیر یقینی صورتحال، سرمایہ کاروں کا محفوظ سرمایہ کاری کی جانب رجحان اور کرنسی مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ سونے کی قیمتوں پر براہِ راست اثر انداز ہو رہے ہیں۔ اگر عالمی سطح پر یہی رجحان برقرار رہا تو مقامی مارکیٹ میں بھی قیمتوں میں مزید تبدیلی کا امکان موجود ہے۔