پنجاب حکومت نے عیدالفطر کے موقع پر شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ایک خصوصی مالی امدادی پروگرام متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت مستحق افراد کو 5 ہزار روپے بطور کیش عیدی دی جائے گی۔
حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد کم آمدنی والے طبقے کو عید سے قبل مالی سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اس خوشی کے تہوار کو بہتر انداز میں منا سکیں۔
سرکاری اعلان کے مطابق شہری اپنی اہلیت جانچنے کے لیے اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر 8070 پر ایس ایم ایس کے ذریعے بھیج سکتے ہیں، اگر درخواست دہندہ اہل قرار پاتا ہے تو امدادی رقم براہ راست اس کے موبائل والٹ اکاؤنٹ میں منتقل کر دی جائے گی، جس میں ایزی پیسہ یا جاز کیش شامل ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق اس حوالے سے واضح ہدایت جاری کی گئی ہے کہ شہری وہی موبائل نمبر استعمال کریں جو ان کے موبائل والٹ اکاؤنٹ کے ساتھ رجسٹرڈ ہو، تاکہ ادائیگی کے عمل میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔
پروگرام کے تحت درخواست دہندگان کے لیے چند بنیادی شرائط بھی مقرر کی گئی ہیں، امداد حاصل کرنے کے لیے درخواست دہندہ کا پنجاب کا رہائشی ہونا ضروری ہے،اگر کسی بچے کے لیے درخواست دی جا رہی ہو تو اس کا بے فارم نمبر فراہم کرنا لازم ہوگا، جبکہ بچے کی عمر 12 سے 17 سال کے درمیان ہونی چاہیے۔
حکام کے مطابق شہریوں کی سہولت کے لیے ایک آن لائن پورٹل بھی فراہم کیا گیا ہے جہاں وہ مزید معلومات حاصل کرنے اور رجسٹریشن کے عمل سے متعلق رہنمائی لے سکتے ہیں، اس پورٹل کے ذریعے درخواست دہندگان اپنے کوائف کی تصدیق اور پروگرام سے متعلق تفصیلات باآسانی حاصل کر سکتے ہیں
حکومت کا کہنا ہے کہ یہ پروگرام مستحق افراد کے لیے ایک اہم سہارا ثابت ہوگا اور انہیں عید کی خوشیوں میں شامل ہونے کا بہتر موقع فراہم کرے گا۔