فرض پہلے، خوشیاں بعد میں، یہی وہ جذبہ ہے جو پاک فوج کے جوانوں کو ہر تہوار، ہر مشکل اور ہر محاذ پر ثابت قدم رکھتا ہے۔ عیدالفطر جیسے خوشیوں بھرے موقع پر بھی ملک کے محافظ سرحدوں پر اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے قوم کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ وطن کی حفاظت ہر چیز پر مقدم ہے۔
دنیا کے بلند ترین اور مشکل ترین محاذوں میں شمار ہونے والے سیاچن گلیشیئر پر تعینات بہادر جوان شدید سردی، برفانی طوفانوں اور انتہائی دشوار حالات کے باوجود عید کے دن بھی چوکس اور تیار کھڑے ہیں۔ جہاں درجہ حرارت منفی 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر جاتا ہے، وہاں یہ سپوت وطن کی خاطر اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دیتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جوانوں کے ساتھ عید منائی، ملکی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں، دہشتگردوں کو دو ٹوک پیغام
سیاچن کی برف پوش چوٹیوں سے قوم کے نام اپنے پیغام میں جوانوں نے عیدالفطر کی مبارکباد دی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ہر قیمت پر ملک کی سرحدوں کی حفاظت جاری رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم کی خوشیاں اور سکون ان کی ذمہ داری ہے، اور وہ اس ذمہ داری سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
پاک فوج کے یہ بہادر سپوت نہ صرف عید بلکہ ہر تہوار پر اپنے گھروں اور پیاروں سے دور رہ کر وطن کی حفاظت کو ترجیح دیتے ہیں۔ ان کی قربانیاں اس بات کی واضح دلیل ہیں کہ قوم کا امن اور خوشحالی ان کے عزم اور ایثار سے وابستہ ہے۔
دفاعی ماہرین کے مطابق سیاچن جیسے محاذ پر ڈیوٹی دینا دنیا کی مشکل ترین عسکری ذمہ داریوں میں شمار ہوتا ہے، جہاں نہ صرف موسمی حالات سخت ہوتے ہیں بلکہ ہر لمحہ چوکنا رہنا بھی ضروری ہوتا ہے۔ اس کے باوجود پاکستانی جوانوں کا حوصلہ اور جذبہ قابلِ رشک ہے۔
یہ مناظر ہمیں یاد دلاتے ہیں کہ جب ہم اپنے گھروں میں عید کی خوشیاں منا رہے ہوتے ہیں، تو سرحدوں پر کھڑے یہی محافظ اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر ہمیں محفوظ رکھنے میں مصروف ہوتے ہیں۔
یہی جذبہ قربانی، اتحاد اور حب الوطنی پاکستان کی اصل طاقت ہے، اور یہی وہ بنیاد ہے جس پر قوم کا مستقبل روشن ہے۔

