پلندری کے نوجوان کا کشمیر یوں کے نام اہم ویڈیوپیغام، کالعدم ایکشن کمیٹی کی پرتشدد سرگرمیوں سے دور رہنے کی اپیل

پلندری کے نوجوان کا کشمیر یوں کے نام اہم ویڈیوپیغام، کالعدم ایکشن کمیٹی کی پرتشدد سرگرمیوں سے دور رہنے کی اپیل

آزاد کشمیر کے ضلع پلندری سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان زریاب نے اپنے ویڈیو پیغام کے ذریعے کشمیری عوام بالخصوص نوجوان نسل سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے مستقبل، تعلیم اور خاندان کی فلاح کو ترجیح دیں اور کسی بھی ایسی سرگرمی سے اجتناب کریں جو انہیں قانونی یا سماجی مشکلات سے دوچار کر سکتی ہو۔

اپنے پیغام میں نوجوان نے کہا کہ موجودہ دور میں نوجوانوں کی سب سے بڑی ذمہ داری علم حاصل کرنا، اپنے کردار کو مضبوط بنانا اور معاشرے کی مثبت ترقی میں کردار ادا کرنا ہے،انہوں نے کہا کہ جذبات میں آ کر ایسے اقدامات کرنا جو امن و امان کے لیے نقصان دہ ہوں، نہ صرف فرد بلکہ پورے معاشرے کے لیے مسائل پیدا کرتے ہیں۔

انہوں نے کشمیری نوجوانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ وہ پرتشدد سرگرمیوں، انتشار اور قانون شکنی سے مکمل طور پر دور رہیں اور اپنی توانائیاں تعلیم، ہنر، کاروبار اور سماجی خدمت جیسے مثبت شعبوں میں صرف کریں۔

یہ بھی پڑھیں :احتجاج کسی مسئلے کا حل نہیں،عوام پرامن رہیں اور بیٹھ کرمسئلے کا حل نکالیں،کالعدم ایکشن کمیٹی کے ممبر کا ویڈیو پیغام

ان کا کہنا تھا کہ ترقی یافتہ معاشرے وہی ہوتے ہیں جہاں نوجوان تعمیری سوچ کے ساتھ آگے بڑھتے ہیں اور اپنے علاقوں کی بہتری میں کردار ادا کرتے ہیں،ویڈیو پیغام میں نوجوان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ والدین کی امیدیں، خاندان کی عزت اور اپنے روشن مستقبل کو ہمیشہ مدنظر رکھنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ وقتی جذبات یا دوسروں کے بہکاوے میں آ کر ایسا کوئی قدم نہیں اٹھانا چاہیے جس کے منفی نتائج زندگی بھر بھگتنا پڑیں،انہوں نے مزید کہا کہ امن، برداشت اور ذمہ داری ہی ایک کامیاب معاشرے کی بنیاد ہیں نوجوان نسل کو چاہیے کہ وہ اختلافات کو پرامن طریقے سے حل کرنے کی روایت کو فروغ دے اور ایسے رویوں سے گریز کرے جو معاشرتی ہم آہنگی کو متاثر کرتے ہوں۔

نوجوان نےکشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں اور نئی نسل کی رہنمائی اس انداز میں کریں کہ وہ تعلیم، شعور اور مثبت سوچ کے ذریعے اپنی اور اپنے معاشرے کی تقدیر سنوار سکے۔

editor

Related Articles