پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمٰن کی اکلوتی صاحبزادی ماروی ملک انتقال کر گئیں۔
پی پی پی سیکریٹریٹ کے مطابق شیری رحمٰن کی بیٹی ماروی ملک کو چند روز قبل برین ہیمرج کے باعث کراچی کے نجی ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکیں۔
ماروی خورشید ملک کی نماز جنازہ کل سہ پہر 3:30 بجے ڈی ایچ اے فیز 8 کراچی میں ادا کی جائے گی۔
سینیٹر شیری رحمان کی بیٹی ماروی ملک کے انتقال کی خبر سامنے آتے ہی سیاسی، سماجی اور صحافتی حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے سینیٹر شیری رحمٰن کی صاحبزادی ماروی خورشید ملک کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کیلئے مغفرت و درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔
انہوں نے کہا کہ اللّہ تعالیٰ سوگوار خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا فرمائے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سینیٹر شیری رحمٰن سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ اولاد کا غم ناقابلِ بیان ہوتا ہے، دُکھ کی اس گھڑی میں ہم سوگوار خاندان کے غم میں شریک ہیں۔
پی پی رہنما شازیہ مری نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماروی ملک کے انتقال کی خبر سن کر دل انتہائی افسردہ اور صدمے سے دوچار ہے، دکھ کی اس گھڑی میں شیری رحمان اور ان کے اہلخانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔
شیری رحمان کی بیٹی کی وفات پر گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ماروی ملک کی وفات ایک ناقابل برداشت صدمہ ہے۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ سینیٹر شیری رحمان اور دیگر لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔