سندھ میں ممکنہ لاک ڈاؤن کی خبروں کے سامنے آنے کے بعد انجمن تاجران سندھ نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ ملک مزید مکمل بندش کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
حکومتِ سندھ کی جانب سے ایندھن اور توانائی کی بچت کے لیے لاک ڈاؤن کے ممکنہ اقدامات پر صوبے بھر کے تاجروں اور کاروباری طبقے میں تشویش پائی جا رہی ہے۔
انجمن تاجران سندھ کا کہنا ہے کہ کوئی بھی یکطرفہ فیصلہ معیشت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔
صدر انجمن تاجران سندھ جاوید شمس نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت کوئی بھی قدم اٹھانے سے پہلے تاجروں کو اعتماد میں لے اور مل کر حکمت عملی وضع کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہیں مگر مشاورت کے بغیر فیصلے قبول کرنا مشکل ہوگا۔
جاوید شمس نے مزید کہا کہ ملک اس وقت شدید معاشی چیلنجز کا شکار ہے اور عوام کا گزر بسر پہلے ہی انتہائی مشکل ہو چکا ہے، ایسے میں مزید لاک ڈاؤن ناقابل قبول ہوگا۔