پاکستان میں آئی فون صارفین کے لیے سائبر سیکیورٹی انتباہ جاری کردیا گیا ہے، نیشنل کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے صارفین سے ہدایت کی ہے کہ وہ بڑھتے ہوئے سائبر خطرات کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کریں۔
نیشنل CERT کے مطابق آئی فون صارفین کو سختی سے مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے ڈیوائسز کو ہمیشہ اپ ٹو ڈیٹ رکھیں اور پرانے iOS ورژن استعمال کرنے سے گریز کریں۔
اس انتباہ میں صارفین کو مشکوک یا نامعلوم لنکس کھولنے سے پرہیز کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے جبکہ صارفین کو غیر تصدیق شدہ VPN انسٹال کرنے یا غیر محفوظ وائی فائی نیٹ ورک سے جڑنے سے بھی خبردار کیا گیا ہے، اس کے علاوہ، اکاؤنٹ سے متعلق سیکیورٹی الرٹس کو نظر انداز نہ کرنے اور حفاظتی اقدام کے طور پر ڈیوائس کو باقاعدگی سے ری اسٹارٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
خطے میں جاری کشیدگی کے دوران سائبر حملوں کے خطرات میں اضافہ ہوا ہے جس کے پیش نظر نیشنل CERT نے پاکستان میں یہ انتباہ جاری کیا ہے۔
نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ادارے نے خبردار کیا ہے کہ سرکاری، دفاعی اور مالیاتی ادارے ممکنہ ہدف ہو سکتے ہیں،اس میں ڈیپ فیک مہمات، اسپئیر فشنگ حملے اور ڈسٹری بیوٹڈ ڈینائل آف سروس (DDoS) حملوں جیسے خطرات اجاگر کیے گئے ہیں۔
انتباہ میں یہ بھی کہا گیا کہ سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو ہیک کیا جا سکتا ہے جبکہ بینکنگ اور مالیاتی نظام پر رینسم ویئر حملے بھی ہوسکتے ہیں۔
سرکاری ملازمین اور عام عوام کو مشکوک لنکس، ای میلز اور موبائل ایپس کے استعمال میں احتیاط کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، اس میں ملٹی فیکٹر اتھنٹیکیشن (MFA) اور فوری سسٹم اپ ڈیٹس کی اہمیت پر زور دیا گیا اور غیر تصدیق شدہ ایپس ڈاؤن لوڈ کرنے سے خبردار کیا گیا۔
مزید یہ کہ انتباہ میں نفسیاتی حملوں کے خطرے کی نشاندہی کی گئی، جن میں ڈیپ فیک اور جعلی مواد استعمال کیا جا سکتا ہے اور صارفین کو چوکس رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔