حکومتِ پنجاب نے صحت کے شعبے میں ایک اہم اقدام کرتے ہوئے چیف منسٹر ایڈلٹ کارڈیک سرجری پروگرام کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت صوبے بھر میں دل کے مریضوں کو مفت علاج اور اوپن ہارٹ سمیت دیگر بڑے آپریشنز کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
حکام کے مطابق پروگرام کے آغاز کے ساتھ ہی پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں پہلے مریض کی کامیاب اوپن ہارٹ سرجری مکمل کر لی گئی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت پنجاب بھر میں 8 ہزار سے زائد مریض دل کے آپریشن کے منتظر ہیں، جنہیں مرحلہ وار اس پروگرام کے تحت سہولت فراہم کی جائے گی۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سرکاری ہسپتالوں میں اضافی اوقات میں ہنگامی سرجریز کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ انتظار کی فہرست کو کم سے کم وقت میں ختم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ نجی ہسپتالوں کو بھی اس پروگرام میں شامل کیا گیا ہے اور مریضوں کو ریفرل ملٹی ڈسپلنری ٹیم کی منظوری سے دیا جائے گا تاکہ شفافیت اور معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں:تعلیمی اداروں کی چھٹیوں میں مزید توسیع، بڑی خبر آ گئی
صوبائی وزیر کے مطابق حکومت نے 6 سے 7 ماہ کے اندر ویٹنگ لسٹ مکمل طور پر ختم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ پہلے مرحلے میں انتہائی تشویشناک اور سنگین نوعیت کے مریضوں کو ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ہر مریض کو سالانہ 10 لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی، جبکہ دل کے تمام بڑے اور پیچیدہ آپریشنز بھی اس پروگرام میں شامل ہوں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کے لیے 3 ارب روپے سے زائد فنڈ مختص کیا گیا ہے اور پیچیدہ کیسز کے لیے خصوصی ریزرو فنڈ بھی قائم کیا گیا ہے۔ حکومت کو امید ہے کہ اس پروگرام سے نہ صرف ہزاروں مریضوں کو فوری ریلیف ملے گا بلکہ سرکاری ہسپتالوں پر بوجھ میں بھی واضح کمی آئے