توانائی کے بڑھتے ہوئے بحران کے پیش نظر پنجاب میں بڑے اور اہم فیصلوں کی تیاری کر لی گئی ہے، جس کے تحت شہری زندگی اور کاروباری سرگرمیوں پر نمایاں اثرات مرتب ہونے کا امکان ہے، محکمہ توانائی نے اس سلسلے میں جامع سفارشات تیار کر کے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو پیش کر دی ہیں۔
ذرائع کے مطابق پیش کی گئی سفارشات میں 15 اپریل تک تعلیمی اداروں میں چھٹیاں دینے کی تجویز شامل ہے تاکہ توانائی کی بچت کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس کے ساتھ ساتھ پٹرول اور ڈیزل کی منصفانہ تقسیم کے لیے کوپن یا ڈیجیٹل نظام متعارف کرانے کی تجویز بھی دی گئی ہے، جبکہ مخصوص دنوں میں محدود گاڑیوں کو ایندھن فراہم کرنے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔
نجی ٹی وی کا کہنا ہے کہ نجی اداروں کے لیے گھر سے کام کرنے کی سخت ہدایات جاری کرنے کی سفارش کی گئی ہے تاکہ ایندھن کے استعمال میں کمی لائی جا سکے، اس کے علاوہ غیر ضروری تقریبات پر مکمل پابندی عائد کرنے کی تجویز بھی شامل ہے تاکہ توانائی کے ضیاع کو روکا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں :پاکستان کا توانائی بحران؛ جوہری توانائی کے کردار پر بین الاقوامی سیمینار کا انعقاد
سفارشات میں عوامی نقل و حمل کے نظام کو بہتر بنانے پر بھی زور دیا گیا ہے، جس کے تحت میٹرو اور بس سروس میں اضافہ کرنے کی تجویز دی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری ذاتی گاڑیوں کے بجائے پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کریں۔

