مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں حکومتِ پاکستان نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں توانائی کی سپلائی، عالمی منڈی کے رجحانات اور ملک میں تیل کے ذخائر کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں متعلقہ حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مارچ اور اپریل کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات یقینی بنا لی گئی ہیں۔اور ملک میں پیٹرول وڈیزل کی کی کوئی قلت نہیں ہے ۔
حکام کے مطابق ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کا موجودہ اسٹاک تسلی بخش ہے اور تیل کی سپلائی چین مکمل طور پر مستحکم ہے۔ ریفائنریز معمول کے مطابق پیداوار جاری رکھے ہوئے ہیں، جس سے مقامی ضروریات پوری کی جا رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:امریکا ایران مزاکرات کے مثبت اثرات ،تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی
اجلاس کو بتایا گیا کہ سعودی عرب سمیت دوست ممالک کے ساتھ تیل کی فراہمی کے سلسلے میں قریبی تعاون جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خلل سے بچا جا سکے۔ بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے اور حکومت عالمی و مقامی قیمتوں کے فرق کا مسلسل جائزہ لے رہی ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اس موقع پر ہر صورت پیٹرول کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ توانائی سیکیورٹی اور مارکیٹ کا استحکام حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں اور کسی بھی غیر معمولی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
حکومتی ذرائع کے مطابق خطے میں کشیدہ حالات کے باوجود ملک میں توانائی کی سپلائی برقرار رکھنے کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائی گئی ہے تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے